غلام محی الدین دیوان نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے ہمراہ 8محرم کے حوالے سے نکالے گئے جلوس کی قیادت کی

بدھ 19 ستمبر 2018 21:52

لاہور۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) تحریک انصاف کے این اے 124سے امیدوار غلام محی الدین دیوان نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے ہمراہ شاد باغ میں 8 محرم کے حوالے سے نکالے گئے جلوس کی قیادت کی اور روٹ پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر غلام محی الدین دیوان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے محرم کے موقع پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی دی ہوئی قربانیوں کی بدولت دین اسلام ہمیشہ زندہ رہے گا، نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ نے جہاد کا علم بلند کر کے طاغوتی طاقتوں کو زیر کیا اور قرآن مجید کی روشنی میں عقیدہ توحید پر عمل کر کے دکھایا ، یہ بات واضح کی کہ آنحضرتؐ کی تعلیمات اور سیرت طیبہ پر عمل کے بغیر انسانیت کی اصلاح ممکن نہیں اور اسی فکر و فلسفے کی بقاء کیلئے امام حسین ان کے رفقاء اور غیور صحابہ نے جدوجہد کی اور چونکہ دین اسلام ہی اللہ اور اس کے رسولؐ کا پسندیدہ دین ہے، اس میں انسانیت کی درست اور بہتر رہنمائی موجود ہے لہٰذا انسانیت کو اسی طرف رجوع کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ عمر فاروقؓ اور نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کی شہادت اسلام کے ماتھے کا جھومر ہیں ،حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ شجاعت و بہادری کے پیکر تھے۔آپؓ کی خداداد صلاحیتوں سے اسلام پوری دنیا میں پھیلا، دین حقہ کی تبلیغ و اشاعت کے سلسلے میں آپ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ بعد ازاں غلام محی الدین دیوان نے پارٹی رہنما ملک وقار ،حاجی امتیاز ، اشتیاق ملک ،فہد شہزاد اور دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ لوہاری گیٹ میں ڈورٹو ور کمپین کی اور دکانداروں سے ملاقات کی اور پمفلٹ تقسیم کیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں