گزشتہ حکومت کی طرح سالانہ ترقیاتی منصوبہ بندی کو اعدا و شمار کا پرکشش گورکھ دہندہ بنا کر پیش نہیں کریں گے ،

جن سکیموں کا وعدہ کریں گے ان کے مثبت نتائج حقیقت کی دنیا میں نظر بھی آئیں گے، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت

بدھ 19 ستمبر 2018 22:58

لاہور۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) گزشتہ حکومت کی طرح سالانہ ترقیاتی منصوبہ بندی کو اعدا و شمار کا پرکشش گورکھ دہندہ بنا کر پیش نہیں کریں گے ۔ جن سکیموں کا وعدہ کریں گے ان کے مثبت نتائج حقیقت کی دنیا میں نظر بھی آئیں گے۔ ترکی اور دیگر ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے ساتھ جن بڑے بڑے منصوبوں کا شور مچایا گیا وہ کھوکھلے دعوئوں سے زیادہ کچھ نہیں تھے۔

ADPکا جو حجم ماضی میں بتایا جاتارہا وہ محض ایک پروپیگنڈہ تھا ۔ اخراجات اور محاصل کے مابین تناسب پریشان کن ہے ۔ جلد ہی میڈیا کی مدد سے عوام کو تفصیلی حقائق اور اعداد وشمار سے آگاہ کریں گے ۔ رواں مالی سال میں نئی سکیموں کے اجراء کے لیے کرنٹ اخراجات پر کنٹرول اور محکموں کا سالانہ ترقیاتی بجٹ پر انحصار کم کرنا ہو گا ۔

(جاری ہے)

محکموں کے اندرونی وسائل کو بہتر بنائیں گے ۔

بلدیاتی حکومتوں کے نئے نظام میں ریسورس موبلائزیشن کی گنجائش رکھی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں سالانہ ترقیاتی منصوبہ بندی کی تیاری کے حوالے سے سٹریٹیجک کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کے دوران کی۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں وزیر بلدیات و سینئر وزیر عبدالعلیم خان ، صوبائی وزیر برائے صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر برائے سکول ایجوکیشن مراد راس ، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، وزیر برائے ہائر ایجوکیشن محمد یاسر ، وزیر آبپاشی محسن لغاری ،وزیر جنگلات سردار م محمد سبطین ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سیکرٹری خزانہ شیخ حامد، ماہر معاشیات اعجازنبی اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان شریک تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی حکومت کو تبدیلی کے لیے کام کے آغاز سے قبل باقاعدہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ سڑک کی تعمیر کے بعد نکاسیء آب کے پائپ بچھانے کے لیے اس لاگت کو ضائع نہ کرنا پڑے جو سڑک کی تعمیر پر لگائی گئی ۔ اس مقصد کے لیے سٹریٹیجک کمیٹی کا اجلاس بہترین پلیٹ فارم ہے ۔ صوبائی وزیر نے پنشنز پر اُٹھنے والے بھاری اخراجات پر کنڑول کے لیے پالیسی میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں 2018-19کے ADPکی تیاری کے لیے محکموں کی جانب سے کرنٹ اور ڈویلپمنٹ اخراجات پر نظر ثانی کے بعد نکلنے والی گنجائش کی تفصیلات زیر بحث لائی گئیں۔ عبدالعلیم خان نے بلدیاتی اداروں کی جانب سے ریسورس موبلائزیشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر واسا اور ایل ڈی اے جیسے مضبوط ادارے اپنے اخراجات کے لیے ترقیاتی بورڈ کے سامنے رونا روئیں تو اُنھیں بند کر دینا چاہیے ۔

سینئر وزیر نے کہا کہ پانی کے ضیاں پر کنٹرول کے اشتہارات جاری کرنے سے لوگ پانی ضائع کرنا بند نہیں کریں گے ۔ اس کے لیے مفت پانی استعمال کرنے والوں کے نلکوں پر میٹر لگانے کی ضرورت ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں محکمے کو ہونے والی وصولیوں سے اپنے اخراجات پورے کریں۔ وزیر صنعت نے وسائل میں اضافے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پالیسی پر عمل کیا ہوتا تو آج ہم ADPکی تیاری کے لیے یہاں بیٹھ کر فنڈ ریزنگ نہ کر رہے ہوتے۔

یاسمین راشد نے محکمہ صحت میں اندھا دھند کی جانے والی بھرتیوں پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی غیر حاضری کی شکایت کی اور پبلک سروس کمیشن کے تحت میرٹ کی بنیاد پر مستقل بھرتیوں کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ڈاکٹرز کی ریٹائرڈ منٹ کی عمر پر نظر ثانی کی تجویز بھی پیش کی۔ ڈاکٹر مراد راس نے اجلاس کو محکمہ تعلیم کے بجٹ سے کی جانے والی بچت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمے کی ابتر مالی صورتحال کے پیش نظر بھرتیوں اور تنخواہوں میں اضافے کے امکانات مشکل ہیں جبکہ ہمیں بہت سے نئے اساتدہ کی ضرورت ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں عوام کو آگاہ کرنا ہو گا کہ پچھلی حکومت نئی آنے والی گورنمنٹ کے لیے کیا کیا مشکلات کھڑی کر کے گئی ہے ۔ تاہم اس سال ہم اپنے محدود وسائل کے ساتھ بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔وزیر آبپاشی نے اجلاس کو لاہور میں مزید ٹیوبویلز کی ضرورت اور ناگزیر اخراجات کی تفصیلات بتائیں۔ اجلاس کے اختتام پر وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے تمام معزز اراکین کی جانب سے سالانہ ترقیاتی پلان کی تیاری کے لیے آنے والی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ نشست میں ریسورس موبلائزیشن کے لیے تجاویز کی پیشکش کی درخواست کی۔

انہوں نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی وزراء کی تجاویز اور تخمینوں کے مطابق ADPکی تیاری کا عمل آگے بڑھائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں