ریلوے کے 7 ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر ریزرویشن کے اوقات میں 4 گھنٹے اضافہ کر دیا گیا ،

30دسمبر تک ریزرویشن کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہو گی، ہنگامی بنیادوں پر 10 ہزار نوکریوں کی سمری وزیراعظم کو بھیج دی گئی ہے،ریلوے کی ایم ایل 2 کو بی او ٹی بنیادوں پر آفر کرنے جا رہے ہیں بعد ازاں سٹینڈر ڈگیج کی ایک لائن کی آفر بھی دیں گے، 30ستمبر تک خوشحال ایکسپریس حادثہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس

ہفتہ 22 ستمبر 2018 15:59

ریلوے کے 7 ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر ریزرویشن کے اوقات میں 4 گھنٹے اضافہ کر دیا گیا ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے کے 7 ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر ریزرویشن کے اوقات میں 4 گھنٹے اضافہ کر دیا گیا ہے، ریزرویشن آفس اب رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے،30 دسمبر تک ریزرویشن کی سہولت 24 گھنٹے دستیاب ہو گی، ریلوے میں 23 ہزار ملازمتوں کی ضرورت ہے جبکہ ہنگامی بنیادوں پر 10 ہزار نوکریوں کی سمری وزیراعظم کو بھیج دی گئی ہے، تمام ڈویژونل ہیڈ کوآرٹر زپر واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب اور دیگر سہولیات کیلئے 15 اکتوبر سے ٹینڈر کھولے جا رہے ہیں، ریلوے کی ایم ایل 1 سی پیک کا حصہ ہے، ایم ایل 2 کو بی او ٹی بنیادوں پر آفر کرنے جا رہے ہیں بعد ازاں سٹینڈر ڈگیج کی ایک لائن کی آفر بھی دیں گے۔

وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹر زمیں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ریلوے افسران بھی موجود تھے ، شیخ رشید احمد نے کہا کہ کراچی میں ریلوے کا سیمی ہیڈ کوارٹر رکھنا چاہتے ہیں،کیونکہ ریلوے کی ترقی کیلئے کراچی اہم کردا رادا کر سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ کیپسٹی سے کم چلنے والی ٹرینوں کی سٹڈی کی جا رہی ہیں جہاں ضرورت ہوگی وہاں لو گوں کو مزید سہولیات کے ساتھ رعایت بھی دیں گے، وفاقی وزیر نے کہا کہ 30ستمبر تک خوشحال ایکسپریس حادثہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے، انہوں نے کہا کہ ریلوے کے 2 سے 3 پلاٹ لاہور میں اور 2 سے 3 کراچی میں فروخت کرنے کی خواہش ہے جس کی وزیر اعظم سے اجازت مانگی ہے، شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ 16 اکتوبر سے موہنجودڑو ایکسپریس لاڑکانہ، سہون شریف اور جام شورو کے روٹ سے چلے گی جبکہ روہی ایکسپریس پنوں عاقل سے گھوٹکی، صادق آباد، خان پور کے راستے سے چلے گی، انہوں نے بتایا کہ یکم اکتوبر سے لاہور تا فیصل آباد نان سٹاپ ٹرین چلائی جا رہی ہے جو 8 بجے لاہور سے چلے گی جبکہ فیصل آباد سے اڑھائی بجے چلا کریگی ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ گولڑہ ریلوے اسٹیشن اور گولڑہ ریلوے میوزیم کو پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آفر کر رہے ہیں جن کو فوڈ مارکیٹ اور پکنک سپاٹ بنانے کیلئے 2 سے 3 سال تک دینے کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ ٹرینوں میں وائی فائی اور ٹریکر 100 روز کے اندر لگا دیئے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ ریلوے کا اہم مسئلہ ایم ایل 1 اور ایم ایل 2 ہے، خوشحال ایکسپریس کے حادثہ کے بعد ایم ایل 2 کو بھی آفر کرنے جا رہے ہیں جبکہ ایم ایل 1 سی پیک میں شامل ہیں، ایم ایل 2 کو بی او ٹی بنیادوں پر آفر کیا جائے گا علاوہ ازیں سٹینڈر گیج کی ایک لائن کی آفر بھی بعد میں دی جائے گی، وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا اجلاس ہر جمعرات کو ہوگا، انہوں نے کہا کہ تمام سرمایہ کار ریلوے ہیڈ کوارٹر براہ راست آ سکیں گے انہیں خوش آمدید کہا جائے گا، انہوں نے کہا کہ مال گاڑیوں میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا، پارسل گڈز کے حوالے سے کامیابیاں ملی ہیں جس کے جلد ٹینڈر کھلیں گے، شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے کے 2.7 بلین روپے کے بجلی کے بل کو ایک ارب تک لے کر آئیں گے، انہوں نے کہا کہ ریلوے مزدورں کی ایک گریڈ کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، ریلوے قومی ادارہ ہے، وزیر اعظم عمران خان کا ایجنڈا ہے کہ لوگوں کو بہترسہولیات مہیا کی جائیں، ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کے پنشنرز 1لاکھ 37 ہزار سے 1 لاکھ 19 ہزار آ گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں