ْجنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں کی پیشہ وارانہ مہارت ایک ہی دن میں 7مریضوں کے رسولیوں کے کامیاب آپریشن

پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں اس قسم کے پیچیدہ آپریشنز کا ایک ہی دن میں ہونا کسی معجزہ سے کم نہیں‘پروفیسر محمد طیب

ہفتہ 22 ستمبر 2018 17:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں نے طب کی دنیا میں نیا باب رقم کرتے ہوئے ایک ہی دن میں 7 مریضوں کے رسولیوں کے کامیاب آپریشنز کر کے ادارے اور ملک کا نام روشن کر دیا، یہ آپریشن پروفیسر آف نیورو سرجری ڈاکٹر رضوان مسعود بٹ کی زیر نگرانی مکمل کئے گئے۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب اور ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے کہا کہ میڈیکل سرجری کی دنیا میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک ہی لسٹ میں 7ٹیومر کے مریضوں کے کامیاب آپریشنز ہوئے خصوصی طور پر پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں اس قسم کے پیچیدہ آپریشنز کا ایک ہی دن میں ہونا کسی معجزہ سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے پروفیسر رضوان مسعود بٹ اوراس کی ٹیم میں شامل ڈاکٹروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جنرل ہسپتال حکومت کی پالیسی کے عین مطابق زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ریلیف فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیورو انسٹی ٹیوٹ میں ہونے والے رسولی کہ ان پیچیدہ آپریشنز پر نجی شعبے میں مریضوں کو ایک آپریشن پر بھاری اخراجات اٹھانا پڑتے ہیں جبکہ ایل جی ایچ میں یہ سہولت بلا معاوضہ فراہم کی گئی جو کہ ایک قابل تعریف اقدام ہے۔ پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ تمام شعبوں میں مریضوں کو بہتر سے بہتر اور بر وقت طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں اسی لئے عوام علاج معالجہ کیلئے سرکاری ہسپتالوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ کامیاب آپریشن پر مریضوں کے عزیز و اقارب نے معالجین اور ہسپتال انتظامیہ کو دعائیں دئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں