سودی قرضوں کی وجہ سے ملک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے،سیف اللہ خالد

ٓئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے نجات حاصل کی جائے اور پاکستان کو اپنے قدموں پر کھڑا کیا جائے۔ملی مسلم لیگ نوجوانوں کی تربیت نظریہ پاکستان کی بنیاد پر کرے گی، صدر جماعت

ہفتہ 22 ستمبر 2018 21:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ سودی قرضوں کی وجہ سے ملک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے۔آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے نجات حاصل کی جائے اور پاکستان کو اپنے قدموں پر کھڑا کیا جائے۔ملی مسلم لیگ نوجوانوں کی تربیت نظریہ پاکستان کی بنیاد پر کرے گی۔وطن عزیز پاکستان کو عظیم سے عظیم تر ملک بنانے کی سیاست کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ فرقہ واریت نے ملک کو نقصان پہنچایا ،پاکستان کے دشمن چاہتے ہیں کہ قوم فرقوں میں تقسیم ہو اور آپس میں لڑتی رہے۔ہم نے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ملی مسلم لیگ اتحاد امت کی سیاست کو فروغ دے گی ۔

ہم نے پاکستان میں اتحاد کی فضا قائم کرنی ہے۔جوبھی پاکستان کے آئین و قانون کو مانتاہے ،اس کو ساتھ لے کر چلیںگے۔دوسروں کے لئے محبتیں نچھاور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ قوم کے عروج و زوال میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمیں اپنی نظریاتی پہچان برقرار رکھنا ہوگی۔ پاکستان کا قیام زمین کا ٹکڑا حاصل کرنا نہیں بلکہ اسلامی نظریاتی ملک کا قیام تھا۔

اسلامیان پاکستان کو اپنی نظریاتی پہچان برقرار رکھتے ہوئے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔پاکستانی قوم نے اپنی شناخت لاالہ الا للہ کو فراموش نہیں کیا۔ پاکستانی اب بھی اسی نظریے پر قائم ہیں، جس کے تحت اس ملک کو حاصل کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے ۔جس طرح موجودہ حکمران اعلان کر رہے ہیں کہ ہم ریاست مدینہ کو ماڈل بنائیں گے ہم دعا کرتے ہیں کہ وہ اس میں کامیاب ہوں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں