تحریک انصاف کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرے گی ‘چوہدری محمدسرور

شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع پروگرام مرتب کیا جا رہا ہے‘ گورنر پنجاب

اتوار 23 ستمبر 2018 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرے گی ، سرکاری عمارات جن کے آگے کوئی گزرنے کا تصور نہیں کر سکتا تھا کو اب وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پرعوام کے لئے کھول دیا گیا ہے، شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع پروگرام مرتب کیا جا رہا ہے ، گورنر پنجاب نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں پاکستان امن پسند ملک ہے ،امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ، کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار شاہانہ عمارات کو عام آدمی کے لئے کھولا گیا ہے اور گوجرانوالہ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، قصور ، فیصل آباد اور دیگر علاقوں سے گورنر ہاؤس کی سیر کرنے کے لئے آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمارات عوام کی ملکیت اور عوام کے لئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ اتوار کو کچھ ایشو آئے تھے مگر اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ آج عوام بھر پور ڈسپلن کامظاہرہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خوشی کے لئے ہر چیز قربان کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب کہا کہ 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے لئے پنجاب میں ریفارمز سیل قائم کر دیا گیا ہے اور وزراء کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 70 سال کی خرابیاں دنوں میں ٹھیک نہیں ہوتیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی ، کرپشن کے خاتمہ ، اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے لئے اصلاحات لائی جا رہی ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔گورنر پنجاب گورنر ہاؤس پہنچے تو سیر کے لئے آئے بچوں ، بڑوں ، بوڑھوں میں گھل مل گئے ۔ بچوں خصوصاً خواتین نے گورنر پنجاب کے ساتھ تصاویر بنائی ۔

انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کے سرکاری عمارات کو عوام کے لئے کھولنے کے اقدام کو بے حد سراہا ۔ بچوں کی خوشی قابل دی تھی ۔ آج لاہور کا موسم بارش کے باعث نہایت خوشگوار ہو گیا تھا ۔ سیر کے لئے آنے والی فیمیلیز گورنر کے ساتھ سیلفیاں لیتے رہے ۔ گوجرانوا لہ سے ایجوکیٹر سکول کی بڑی تعداد میں طالبات گورنر ہاؤس کی سیر کے لئے آئیں ۔

انہوں نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کو اپنے درمیان پا کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا ۔ بچیوں نے کہا کہ پہلی دفعہ دیکھا ہے کہ گورنر پنجاب عام شہریوں کے درمیان موجود ہیں ۔ بچے گورنر ہاؤس میں لگے جھولوں سے محظوظ ہوتے رہے اور انہوں نے چڑیا گھر بھی دیکھا ۔اس موقع پر میڈیا کی جانب سے پاک بھارت کرکٹ میچ کے حوالے سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ ہمیشہ سخت اور دلچسپ ہوتا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔گورنر نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی جیت کے لئے پرُعزم ہیں اور انشا ء اللہ عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے قوم کو جیت کا تحفہ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو باؤلنگ ، بیٹنگ خصوصاً فیلڈنگ پر بھر پور توجہ دینا ہو گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں