پنجاب حکومت کا قبضہ گروپوں، تجاوز ات کے خاتمے کیلئے بلا تفریق آپریشن کا حکم، 50لاکھ گھروں کی تعمیر پر سفارشات مکمل، اعلان وزیراعظم آئندہ ہفتے کرینگے، صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمودالرشید

اتوار 23 ستمبر 2018 19:10

لاہور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) پنجاب حکومت نے صوبے میں قبضہ گروپوں اور تجاوز ات کے خاتمے کیلئے بلا تفریق آپریشن کا حکم دیدیا، صوبائی وزیر ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید نے ایل ڈی اے کو تجاوز ات اور قبضہ گروپوں کیخلاف بلا تفریق آپریشن کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اب ملک میں انصاف حکومت کے ثمر ات عوام کو پہنچنے چاہیں، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

صوبائی وزیر میاں محمودالرشید نے آج پیر سے شروع ہونے والے آپریشن میں پولیس اور دیگر محکمہ جات کو بھی ایل ڈی اے کی معاونت کی ہدایات جاری کیں۔ علاوہ ازیں پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ50لاکھ گھروں کے منصوبے پر سفارشات مکمل کر لی ہیں آئندہ ہفتے وزیراعظم اس کا باقاعدہ اعلان کریں گے، ملاقات میں انہوں نے مزید کہا کہ غرب کو چھت دینے کیلئے حکومت پر عزم ہے، پنجاب میں مجموعی طور پر25لاکھ گھر اور فلیٹ تعمیر کئے جائیں گے اور انکی تقسیم میر ٹ کے عین مطابق ہوگی۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کو صاف پانی کی فراہمی، ڈیموں کی تعمیر اور غریب کو چھت مہیا کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے، اپوزیشن ملکی مسائل کے حل میں مدد کی بجائے الٹا تنقید کر رہی ہے،درحقیقت اپوزیشن خوفزدہ ہے کہ غریب کو اسکے حقوق مل گئے تو ان کی دال روٹی بند ہو جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں