شدید بارش کے باعث سرحد کے دونوں اطراف سیلابی صورتحال ہے‘ سربراہ میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ

پاکستانی دیہاتوں میں داخل ہونے والا پانی کوئی غیرمعمولی نہیں ہے ،مقامی حکام نے کام کرلیا ہے ‘ محمد ریاض

پیر 24 ستمبر 2018 23:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ محمد ریاض نے کہا ہے کہ سرحد کے دونوں اطراف شدید بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے،پاک بھارت سرحدی علاقوں میں ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں دریائوں میں پانی کے بہائومیں اضافہ ہوا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے کہا کہ موسمی نظام نے دریائے چناب، ستلج اور دریائے راوی سمیت سرحد کے دونوں اطراف کئی علاقوں میں سیلاب کی صورت حال پیدا کردی ہے۔

بھارت نے معمول کا طریقہ کار اپنایا اور اپنے ڈیموں میں پانی جمع کیا ہے۔پاکستانی دیہاتوں میں داخل ہونے والا پانی کوئی غیرمعمولی نہیں ہے اور جو پانی سیالکوٹ اور نارووال کے علاقوں میں داخل ہوا تھا اس پر وہاں کے مقامی حکام نے کام کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں سمیت پنجاب، ہریانہ ہماچل پرادیش اور چندی گڑھ میں شدید بارش ہوئی ہے۔

بھارتی میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ نے کئی علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔بھارت میں بارش کے باعث امرتسر میں ریلوے کی آمد ورفت کا سلسلہ بھی متاثر ہوا ہے اور کئی ڈیموں میں پانی کی سطح ذخیرے کی مطلوبہ حد کے قریب پہنچ چکی ہے۔رپورٹس کے مطابق بھارتی پنجاب میں جون سے ستمبر کے دوران عام طور پر 490 ملی میٹر بارش ہوتی ہے اور 22 ستمبر تک 391 ملی میٹر بارش ہوئی تھی جبکہ گزشتہ دنوں کے دوران ہونے والی بارش سے مزید اضافہ ہوا ہے اور اب یہ سلسلہ 442 ملی میٹر تک جا پہنچا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں