صوبہ بھر میں غیر قانونی شکاریوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ، ڈائریکٹر محمد نعیم بھٹی

منگل 25 ستمبر 2018 19:07

لاہور۔25 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) محکمہ تحفظ جنگلی حیا ت وپارکس پنجاب کی چھاپہ مار ٹیم نے لاہور ، قصور ، شیخوپورہ اور ننکانہ میں غیر قانونی شکار کیخلاف جاری مہم کے دوران کارروائی کرتے ہوئے بٹیرکی نیٹنگ ، بغیر لائسنس شکار اور فالکن کے شکار میںملوث 14افراد کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے شکار کردہ پرندے اور دیگر سامان شکار برآمد کر کے ملزمان سے ایک لاکھ 18ہزارروپے جرمانہ وصول کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر لاہورریجن سید ظفر الحسن کی طرف سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاہور ریجن میاںرفیق کی سربراہی میں تشکیل دئیے گئے خصوصی سکواڈ نے لاہور کے علاقے میں غیرقانونی شکار کھیلنے میں ملوث محمد صدیق ، عامر شریف کا چالان کرکے ان سے بطور محکمانہ معاوضہ 10ہزارروپے جبکہ بٹیر کی نیٹنگ میں ملوث ملزم محمد عا لمگیر سے 8ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کرلیا ۔

(جاری ہے)

ضلع شیخوپور ہ میں غیر قانونی شکار کھیلنے میں مصروف جیابگہ کے رہائشی آصف ، محمد عمران ، محمد اکرم اورنیجل مسیح کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر ملزمان کی محکمانہ معاوضہ کی درخواست پران کو30ہزار جرمانے کی سزا سنائی گئی۔قصور میں بھی غیر قانونی شکارکی روک تھام کے سلسلہ میں جاری کارروائی کے دوران 6 غیر قانونی شکاریوں طاہر اقبال ، ثاقب امین، محمد رضوان، اسداللہ اور نوید کے چالان کرکے ان سے 50ہزارروپے جرمانہ بطور محکمانہ معاوضہ وصول کرکے سرکاری خزانے میںجمع کروادیاہے ۔

اسی طرح ننکانہ صاحب کے علاقے میں فالکن کے غیر قانونی شکار کے جرم میں باغبانپورہ لاہور کے رہائشی مقبول احمد اور محمد سلیم کو20ہزارروپے جرمانہ کیاگیا۔ڈائریکٹر وائلڈلائف محمد نعیم بھٹی نے محکمہ کی چھاپہ مار ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں غیرقانونی شکاریوں کیخلاف بلا امتیازکارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں