سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے پاکستان کیلئے نمائندہ برائے یو ایس ایڈ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

یوایس ایڈ پنجاب میں صوبائی اور ضلعی لنک نیٹ ورک کے ذریعے مانیٹرنگ اور ایولوایشن سیل قائم کرے گا

منگل 25 ستمبر 2018 19:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) امریکی حکومت کے ادارے یو ایس ایڈ نے پنجاب میں شعبہ صحت کے استحکام اور سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لئے تعاون کی پیشکش کی ہے۔ اس ضمن میں سیکرٹری ہیلتھ پنجاب ثاقب ظفر سے پاکستان کیلئے نمائندہ برائے یو ایس ایڈ ڈاکٹر نبیلہ علی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اور ہیلتھ سیکٹر میں جاری کئی پروگراموں پر بریفنگ دی۔

وفد نے بتایا کہ شعبہ صحت کی مضبوطی کے پروگرام کے تحت امریکہ کا ادارہ جان سنو انٹرنیشنل (جے ایس آئی) ریسرچ سنٹر مالی معاونت فراہم کرے گا۔ ڈاکٹر نبیلہ علی نے بتایا کہ یو ایس ایڈ پنجاب میں صوبائی اور ضلعی لنک نیٹ ورک کے ذریعے مانیٹرنگ اور ایولوایشن سیل قائم کرے گا۔ صوبائی سطح پر ڈی جی ہیلتھ کے دفتر اور منتخب ضلعوں میں سی ای او ہیلتھ کے دفاتر میں سیل قائم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ سروس ڈیلیوری کا کام ہر صورت میں محکمہ صحت کے اپنے ہاتھ میں رہنا چاہیئے۔اس پروگرام کے تحت بالخصوص ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔ آن لائن سپروائزری سروس کے ذریعے مطلوبہ نتائج کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔ یہ پروگرام سندھ اور خیبرپختونخوا میں بھی شروع کیا جارہا ہے۔سیکرٹری صحت ثاقب ظفرنے پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صحت عامہ کی سہولتوں میں اضافے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

برطانوی ادارہ ڈیفڈاور جاپانی حکومت بھی پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاج کی بہترسہولتوں سے بڑھ کر عوام کی کوئی اور خدمت نہیں ہوسکتی۔ ہیلتھ سیکٹر کی ترقی کے لئے یو ایس ایڈ کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے ایس آئی ریسرچ سنٹر جیسے فلاحی اداروں کا آگے آنا بھی ایک قابل تعریف کام ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں