سنٹرل پولیس آفس پاکستان ریلوے پولیس لاہور میں فرینڈز آف پولیس سکیم کی تقریب

منگل 25 ستمبر 2018 21:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2018ء) سنٹرل پولیس آفس پاکستان ریلوے پولیس لاہور میں فرینڈز آف پولیس سکیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ فرینڈز آف پولیس کے نام سے یہ سکیم انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان اور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز جواد احمد ڈوگر کی ذاتی کاوش اور مخیر حضرات طارق نذیر اور ایس۔ایم تنویر کے خصوصی تعاون سے قائم کی گئی ہے۔

یہ سکیم پاکستان ریلوے پولیس شہداء اور دورا ن سروس وفات پاجانے والے ریلوے پولیس ملازمین کی بیوگان کو مالی پریشانی ختم کرنے اور ان کے بچوں کو تعلیم اور ہنر سکھا کر کاروبار کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔اس سکیم کے ذریعے ریلوے پولیس ملازمین کی فیملیز کو فیملی کلیم کی بنیاد پر میرٹ کے مطابق ملازمت ، میڈیکل کی سہولت، بلا سود قرض کی فراہمی اوربچوں کے لئے تعلیمی وظیفہ و دیگر مراعات فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس سکیم کے تحت آغاز میں06 فیملیز کو کاروبار کرنے کے لئے بلا سود ایک/ایک لاکھ روپیہ قرضہ حسنہ دیا جائے گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ریلوے پولیس نے کہا کہ فرینڈز آف پولیس کے تعاون سے جہاں بیوگان اور بچوں کی مال پریشانی دور ہو گی ، وہاں محکمہ کا وقار بھی بلند ہو گا اور اس سکیم کو کامیاب بنا کر ریلوے پولیس دوسری فورسز کے لئے مثال بنے گی۔

تقریب کے دوران آئی جی ریلوے پولیس نے فرداٌ فرداٌ بیوگان کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لئے احکامات بھی جاری کئے۔ تقریب کے دوران پاکستان ریلوے پولیس اور انٹرنیشنل تنظیم آئی کیوب (ICUBE) کے درمیان بیوگان اور ریلوے پولیس ملازمین کی ٹریننگ کے حوالے سے ایم۔۱و۔یو ( MOU) بھی سائن کیا گیا۔اس موقع پر چیف ایگزکٹو آئی کیوب ڈاکٹر زیاد خان نے کہا کہ آج پاکستان ریلوے پولیس کے لئے تاریخی دن ہے جس سے محکمہ ریلوے پولیس میں بہتری آئے گی اور اس سلسلے میں آئی کیوب (ICUBE) پاکستان ریلوے پولیس کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں