چیف جسٹس کے نوٹس کے بعد انصاف کی منزل روشن ہوگئی،

نئی جے آئی ٹی بنائی جائے شہید کارکنان کیلئے قائد کا خود سپریم میں پیش ہونا انصاف کی راہ ہموار کرے گا : سردار سیف اللہ سدوزئی ایڈووکیٹ

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2018ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل سردار سیف للہ خان سدوزئی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ساڑھے چار سال قبل ظالم وجابرحکمرانوں نے ماڈل ٹائون میں جو خون کی ہولی کھیلی وہ تاریخ کا بدترین اور سیاہ باب ہے۔آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اپنے شہید کارکنان کو انصاف دلانے کیلئے ایک قائد کا خود پیش ہونا انصاف کی راہ ہموار کرے گا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا تمام پروٹوکول بالائے طاق رکھ کر عدالت پیش ہونا کارکنان کیلئے انکی محبت کی دلیل ہے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی جماعت کا قائد اپنے کارکنان کو انصاف دلانے کیلئے خود عدالت میں پیش ہوا،یہ اس بات کی دلیل ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا دل اپنے کارکنان کیلئے دھڑکتا ہے اور انکی ساری توجہ ماڈل ٹائون کیس پر مرکوز ہے۔

(جاری ہے)

ماڈل ٹائون کیس ڈاکٹر طاہرالقادری کی ترجیحات میں پہلے نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی درخواست پر چیف جسٹس کا نئی جے آئی ٹی کے قیام کیلئے پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرنے سے انصاف کی منزل روشن ہوگئی ہے۔وہ دن جلد آنے والا ہے جب ماڈل ٹائون میں قتل عام کرنے والے پھانسی کے پھندے پر ہونگے اور مظلوموں کو انصاف ملے گا۔وہ پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے اجلاس میں میجر محمد اقبال چغتائی،چوہدری اکرم گجر نمبردار،رانا عثمان اصغر،محمد احسان سعیدی،رائو عظمت علی،سجاد نقشبندی اور دیگر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں