پاکستان علماء کونسل وطن عزیز کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

پاکستان میں عقیدہ ختم نبوت ، مدارس اور مساجد پر کوئی حملہ آور نہیں ہو سکتا، صدر پاکستان علماء کونسل

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 21:45

پاکستان علماء کونسل وطن عزیز کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہے،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2018ء) پاکستان علماء کونسل وطن عزیز کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہے ، پاکستان علماء کونسل کے کارکنوں نے انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف بھرپور جدوجہد کی ہے ، پاکستان میں عقیدہ ختم نبوت ، مدارس اور مساجد پر کوئی حملہ آور نہیں ہو سکتا، عمران خان نے یقین دلایا ہے کہ مدارس ، مساجد اور عقیدہ ختم نبوت کا مکمل تحفظ کیا جائے گا، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل کی رکنیت سازی مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا عثمان بیگ فاروقی ، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا احسان احمد حسینی ، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا زبیر زاہد ، مولانا عبد القیوم فاروقی ، مولانا محمد اسلم قادری ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا اسلام الدین ، مولانا شمس الحق ، مولانا مبشر رحیمی اور دیگر علماء بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے یقین دھانی کروائی ہے کہ مساجد ، مدارس اور عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت کے متعلق قوانین کا مکمل تحفظ کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ایک نظریاتی جماعت ہے جو پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانا چاہتی ہے ، جہاں بلا تفریق سب کو انصاف اور حقوق ملیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی رکنیت سازی مہم پورے ملک میں شروع کر دی گئی ہے اور 15 ربیع الثانی کو صوبائی انتخابات کروائے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے انتخابات میں جن امیدواروں کی حمایت کی ان میں سے 90 فیصد کامیاب ہوئے ہیں ، پاکستان علماء کونسل کی انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف بھرپور جدوجہد ہے اور ملک میں مذہبی رواداری اور مکالمہ کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ، انہوں نے ملک بھر کے علماء ، آئمہ ، خطباء سے اپیل کی کہ وہ پاکستان علماء کونسل کی رکنیت سازی مہم میں بھرپور طریقہ سے شامل ہو جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں