یونائٹڈ بزنس گروپ نے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر و چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میں ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات کے لیے مہم کا آغاز کر دیا

ایف پی سی سی آئی میں رہتے ہوئے محنت کے ساتھ کام اور حکومت کے ساتھ کاروباری برادری کے احترام کو بحال کیا، یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے چیئرمین یونائٹڈ بزنس گروپ افتخار علی ملک

پیر 8 اکتوبر 2018 13:30

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2018ء) یونائٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے اپنے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میں پیرکو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے سالانہ انتخابات کے لیے ملک بھر میں الیکشن مہم کا آغاز کر دیا۔ مرکزی قیادت انتخابی مہم کے دوران تمام صوبوں کے مقامی چیمبرز کے صدور کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کرے گی۔

گروپ کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک کا کہناہے کہ اس امر کے باوجود کہ اپوزیشن انتہائی کمزور ہے اور بغیر مہم چلائے بھی گروپ آسانی سے الیکشن جیت سکتا ہے، یو بی جی کے تمام صوبائی چیئرمینوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھر پور انداز میں الیکشن مہم آگے بڑھانے کے لیے میدان عمل میں آئیں۔

(جاری ہے)

افتخار علی ملک نے کہا کہ گروپ نے ایف پی سی سی آئی میں سخت محنت کے ساتھ کام کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ کاروباری برادری کے احترام کو بحال کیا اور تاجروںکو درپیش تمام مسائل کو حل کرانے کی کوشش کی، یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے فیصلہ کیا ہے کہ اعلیٰ قائدانہ صلاحیتوں کے حامل ان نوجوان تاجروں کو ترجیح دی جائے گی جو کسی بھی مالیاتی ادارے کے نادہندہ نہ رہے ہوں اور وہ رجسٹرڈ نیشنل ٹیکس نمبر کے حامل اور باقاعدہ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کاروباری برادری کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں تمام مقامیکاروباری شخصیات کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو تاجروں کے اتحاد کو نقصان پہنچانے یا چیمبر انتخابات کے شفاف اور جمہوری عمل کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جمہوری طریقے سے اقتدار کی منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔ افتخار ملک نے ملک بھر میں چیمبرز کے سالانہ انتخابات میں یو بی جی کی قیادت پر مکمل اعتماد کرنے اور بھاری اکثریت کے ساتھ امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے پر تاجربرادری کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی قیادت کوئٹہ، کراچی، پشاور، لاہور اور اسلام آباد میں میٹنگز کا انعقاد کرے گی، ہمیں فخر ہے کہ ایف پی سی سی کے سابق صدور خاص طور پر ایس ایم منیر، محمد ادریس، عبدالرئوف عالم، زبیر طفیل اور غضنفر بلور نے بھی ایک پیسے کا فائدہ، یا سہولیات استعمال نہیں کیں اور بورڈنگ سمیت غیر ملکی سفر کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں