بچوں کے ٹیکے لگانے کے لئے طے شدہ مائکروپلان کو فالو کیا جائے‘ڈاکٹر طاہر منظور

سوشل موبلائزیشن کے لئے اساتذہ،مذہبی رہنمائوں اور سماجی رہنمائوں کا تعاون ضروری ہے‘ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ

پیر 8 اکتوبر 2018 18:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر منیر احمد نے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ سے کہا ہے کہ وزیر صحت پنجاب کی ہدایت کے مطابق12روزہ انسداد خسرہ مہم کو بھرپور طریقہ سے کامیاب بنانے اور ٹارگٹ کے حصول کے لئے ذاتی دلچسپی کے ساتھ فیلڈ میں نکلیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل موبلائزیشن اور عوامی آگاہی کے لئے ضلع اور تحصیل کی سطح پر مذہبی رہنمائوں،سکول وکالج کے اساتذہ،محکمہ سوشل ویلفیئر اور این جی اوز کے رضاکاروں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔

ڈاکٹر منیر احمد کا کہنا تھا کہ ملک کے صحت مند مستقبل کے لئے بچوں کی صحت کا تحفظ بنیاد ہے۔انہوں نے یہ بات مقامی ہوٹل میں تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس صوبے میں 15اکتوبر سے شروع ہونے والی انسداد خسرہ مہم کے اقدامات اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کیا گیا جس میں یونیسف پنجاب کے چیف ڈاکٹرطاہر منظور،ڈاکٹر قرة العین،ڈاکٹر تنویر کے علاوہ ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر شکیل احمد،عالمی ادارہ صحت اور گیٹس فائونڈیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام سی ای اوز نے اپنے اپنے ضلع میں خسرہ مہم کے انتظامات،ڈاکٹرز اور سٹاف کی تربیت،منصوبہ بندی اور سوشل موبلائزیشن کے حوالے سے کئے گئے اقدامات بارے اجلاس میں بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد اور انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے نمائندوں نے محکمہ صحت کے ضلعی افسران کے ساتھ ضروری معلومات کا تبادلہ کیا ،مزید ہدایات دیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب کی کل 3550یونین کونسل میں انسداد خسرہ مہم چلائی جائے گی جس میں لاہور کی116یونین کونسلیں شامل ہیں۔12دن کی مہم کے دوران ایک کروڑ90لاکھ بچوں کو 15ہزار سکلڈ ٹیمیںمحلے اور گائوں کی سطح پر جا کر کیمپ میں ٹیکے لگائیں گی۔اس مقصد کے لئے 3550میڈیکل آفیسرز کو بطور سپروائزر تعینات کیا گیا ہے جبکہ ٹیکے لگانے کے لئے تشکیل دی گئی ہر ٹیم چار افراد پر مشتمل ہے۔ اس طرح60ہزار افراد ان ٹیموں کا حصہ ہوں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونیسف کے چیف ڈاکٹر طاہر منظور نے کہا کہ یونیسف انسداد خسرہ مہم کو کامیاب بنانے اور ٹارگٹ کے حصول کے لئے پنجاب حکومت اور محکمہ صحت کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں