گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسوں سے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا جارہاہے‘ذکر اللہ مجاہد

اگر اسی طرح پی ٹی آئی اپنی ناقص معاشی پالیسیوں پر گامزن رہی تو ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا‘امیر جماعت اسلامی لاہور

منگل 9 اکتوبر 2018 19:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے گیس، بجلی ، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسوں سے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مار جارہا ہے ۔ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل پیرا ہو کر عوام کی گردنوں پر مہنگائی کی کند چھری چلا رہی ہے ۔ پی ٹی آئی کی تبدیلی میں سفید پوش اور غریب آدمی غربت کی چکی میں پسنے پر مجبور ہوچکا ہے ۔

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے گذشتہ روز جماعت اسلامی علاقہ شرقی لاہور کی تربیت گاہ برائے مدرسین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی علاقہ شرقی لاہور عبدالرشید مرزا ، پی پی 162 کے امیر خبیب نذیر ، ناظم امور ارکان جماعت اسلامی لاہور شریف الحق و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے وعدوں اور دعووں کے برعکس سابقہ ادوار کی پالیسیوں پر گامزن نظر آرہی ہے ۔

حکومت کے غربت ، مہنگائی ختم کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت تک مدینہ جیسی اسلامی اور فلاحی ریاست نہیں بنایا جا سکتا جب تک عوام صالح اورایماندار قیادت کو اپنے ووٹ کی طاقت سے ایوانوں میں نہیں بھیجتی ۔انہوں نے کہا کہ کشکول توڑنے کی دعویدار پی ٹی آئی حکومت اپنے وعدوں کے برعکس آئی ایم ایف کی ظالمانہ پالیسیوں پر عمل کر کے غربیوں کی زندگی اجیرن بنا رہی ہے ۔ اگر اسی طرح حکومت اپنی ناقص معاشی پالیسیوں پر گامزن رہی تو ملک کا دیوالیہ نکل جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں