وزیر زکوٰة پنجاب کا ملتان اور مظفر گڑھ اضلاع میں زکوٰة فنڈ کے کروڑوں روپے سرنڈر کرنے پر اظہار ناراضگی

شوکت علی لالیکا کا زکوٰة آفس ملتان کا اچانک دورہ، زکوٰة کی عدم فراہمی پر ملتان اور مظفر گڑھ کے افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت

منگل 9 اکتوبر 2018 20:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) وزیر زکوٰة و عشر پنجاب شوکت علی لالیکا نے مستحقین کو زکوٰة فنڈ کی عدم فراہمی پر ڈسٹرکٹ زکوٰة افسر ملتان اور مظفر گڑھ کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ انہوں نے یہ ہدایات ڈویژنل زکوٰة آفس ملتان کے اچانک دورہ کے دوران ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیر زکوٰة و عشر نے کہا کہ ملتان اور مظفر گڑھ اضلاع کے بیشتر مستحقین میں زکوٰة فنڈ تقسیم نہیں ہو سکا اور کروڑوں روپے سرنڈر کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰة ایک امانت ہے او ر اس امانت کو مستحقین تک پہنچانا عاملین زکوٰة کی ذمہ داری ہے۔ اس کی تکمیل میں کوتاہی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شوکت علی لالیکا نے ملتان، وہاڑی ، خانیوال ، مظفر گڑھ اور لودھراں اضلاع کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی ذمہ داری سے ادا کریں تاکہ مستحقین تک زکوٰة کی بروقت فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں