صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی پاکستان میں نیدرلینڈ کی سفیر سے ملاقات

انسانی حقوق بالخصوص اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے ملکر کام کرنے کا عزم مینارٹی ایڈوائزری کونسل کو مزید فعال کرنے پر کام جاری ہے : اعجاز عالم آگسٹین

منگل 9 اکتوبر 2018 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی پاکستان میں نیدر لینڈ کی سفیر آر ڈی سٹویوس سے نیو منسٹر بلاک میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں خواتین،بچوں کے انسانی حقوق بالخصوص اقلیتوں کی فلاح و بہبود بارے تفصیلی بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر اعجاز عالم نے کہا کہ صوبہ بھر میں اقلیتوں کے مسائل کے فوری حل کے لئے ہیلپ لائن قائم کرنے جا رہے ہیں تاکہ تمام مسائل کا فوری تدارک یقینی بنایا جا سکے۔

اس کے علاوہ فری میڈیکل کیمپوں کے انعقاد کے ساتھ پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں اسکالر شپ میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ دور حکومت میں مینارٹی ایڈ وائزری کونسل قائم کی گئی مگر اس پر خاطر خواہ کام نہیں ہو سکا،اس کو مزید فعال کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ لیول پر لیجا رہے ہیں تاکہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

ہر ڈسٹرکٹ میں ڈسٹرکٹ آفیسر کی تعیناتی یقینی بنا رہے ہیں اور ساتھ میں لوگوں میں ایک بیداری مہم چلا رہے ہیں کیونکہ ذیادہ تر لوگ اپنی حقوق سے نا آشنا ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں ٹاسک فورسز بناکر تمام عوامی مسائل کا حل یقینی بنا نے پربھی تیزی سے کام جا ری ہے اور صوبہ بھر میں جدھر بھی انسانیت کی تذلیل کاواقعہ پیش آتا ہے، ذاتی طور پر دورہ کرتا ہوں تاکہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنا ئی جا سکے۔ نیدر لینڈ کی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور خواہش ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ مزید تعلقات استوار کئے جا سکیں۔انہوں نے صوبائی وزیر کی جانب سے مستقبل میں انسانی حقوق بالخصوص اقلیتوں کے لئے کئے جانیوالے اقدامات کو بے حد سراہا اور مستقبل میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں