صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن عوام کو انصاف کی فراہمی، پرسیکیوٹر ز کو فعال ہونے کی ہدایت

محکمہ پبلک پر اسیکیوشن کارکردگی بہتر بنائے ، حکومت انصاف میں تاخیر برداشت نہیں کرے گی‘چوہدری ظہیرالدین

بدھ 10 اکتوبر 2018 17:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ عوام کو سستے اور بر وقت انصاف کی فراہمی تحریک انصاف کی حکومت کے منشور کا حصہ اور وزیر اعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، انصاف کی فراہمی میں پرا سیکیوٹرز کلیدی کردار کے حامل ہیں لہذا وہ ماضی کے بر عکس مستعد اور فعال ہو جائیں ، محکمہ پبلک پراسیکیوشن وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے ۔

عوام کو انصاف کی فراہمی میں تا خیر قطعی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ حکومت پنجاب نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کی تقدیر بدلنے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔انہوں نے اس موقع پر ماضی کی حکومتوں میں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے روا رکھے گئے رویے پر افسوس کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب اور امیر کے لیے دوہرا معیاراور بے انصافی معاشرے کو تباہی کی طرف دھکیل دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ پبلک پراسیکیوشن کے اعدادو شمار کے مطابق 2016ء میں شرح سزا58.52 فیصد، 2017 ء میں شرح سزا 63.84فیصد اور امسال ماہِ اگست تک شرح سزا 65.89فیصد رہی ۔ چوہدری ظہیر الدین نے شرح سزا میں اضافے کو انصاف کی فراہمی میں نا گزیر قرار دیتے ہوئے محکمہ پبلک پراسیکیوشن کو کار کردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں