صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا گورنمنٹ پرنٹنگ پریس پنجاب لاہور کا دورہ

پرنٹنگ پریس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارصفائی کی ناقص صورتحال پر اظہار ناراضگی اور انتظامیہ کی سخت سرزنش 21کروڑ کا بجٹ اور 11کروڑ کا کام،یہ امر انتہائی قابل افسوس ہے،کارکردگی بہتر نہ کی تو اسے بند کر دیں گے‘میاں اسلم اقبال

بدھ 10 اکتوبر 2018 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے گورنمنٹ پرنٹنگ پریس پنجاب لاہور کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے بائنڈنگ سیکشن،پریس روم،روٹری سیکشن اور دیگر مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔صوبائی وزیرنے پرنٹنگ پریس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے صفائی کی ناقص صورتحال پر اظہار ناراضگی اور انتظامیہ کی سخت سرزنش کی۔

پرنٹنگ پریس کی کارکردگی کے حوالے سے تسلی بخش جواب نہ ملنے پربھی صوبائی وزیر نے برہمی کا اظہار کیا۔۔صوبائی وزیر نے ملازمین کا حاضری رجسٹر بھی چیک کیا اور افسران واہلکاران کے ڈیوٹی اوقات حاضری اور فرائض کے حوالے سے بھی استفسار کیا۔صوبائی وزیر نے پرنٹنگ پریس میں فوری طورپربائیومیٹر ک سٹم نصب کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ آئندہ کنٹرولر پرنٹنگ پریس سے لے کر نائب قاصد تک تمام ملازمین بائیو میٹرک سسٹم پر حاضر لگائیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ 21کروڑ کا بجٹ اور 11کروڑ کا کام،یہ امر انتہائی قابل افسوس ہے۔وسائل قوم کی امانت ہیں،اسے کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔اگر ادارے نے اپنی کارکردگی بہتر نہ بنائی تو اسے بند بھی کیا جا سکتا ہے۔صوبائی زیر نے کہا کہ اس ادارے کو کسی صورت سفید ہاتھی نہیں بننے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج ٹیکنالوجی کا دور ہے اور یہ امر قابل افسوس ہے کہ پرنٹنگ پریس روایتی طریقوں کو اپنائے ہوئے ہے۔

وقت کی ضرورت ہے کہ ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے کر اس کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے ۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اداروں میں اصلاحات کے ذریعے ان کی استعداد کار بڑھائی جارہی ہے تاکہ یہ بہتر انداز میں عوام کو خدمات اور سہولیات فراہم کر سکیں۔اداروں میں وہی رہنے کے قابل ہیں جو عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کریں گے۔کسی کو قومی وسائل کے ضیاع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ہم قوم کی ایک ایک پائی کے امین ہیں اور اس کے درست استعمال کو یقینی بنائیں گے۔صوبائی وزیر کو ادارے کے امور،طریق کار اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں