بارہ روزہ انسداد خسرہ مہم 15اکتوبر سے شروع ہو گی

بدھ 10 اکتوبر 2018 21:33

لاہور۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) صوبہ میں یونیسیف اور دیگر ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے تعاون سے بارہ روزہ انسداد خسرہ مہم 15اکتوبر سے شروع ہو گی،مہم کو کامیاب بنانے اور گلی محلہ کی سطح تک پہنچ کر چھ ماہ سے سات سال تک کے تمام بچوں کی ویکسینیشن کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئر اور غیر سرکاری سماجی تنظیمیں محکمہ صحت پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کریں گی، تمام یونین کونسلز میں این جی اوز کے نمائندے سوشل موبلائزر کے طور پر عوام خصوصاً والدین کو اپنے بچوں کو خسرہ ویکسین کے ٹیکے لگوانے کی ترغیب دیں گے،اس بات کا اعلان یہاں ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کے دفتر میں محکمہ صحت کے ای پی آئی سیل حکام اور صوبہ بھر سے آئی ہوئی غیرسرکاری سماجی تنظیموں کے نمائندوں کے درمیان مشاورتی اجلاس کے دوران کیا گیا، اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر شکیل احمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹرسہیل رانا، یونیسیف کے کنسلٹنٹ عثمان غنی اور دیگر ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، اجلاس میں ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر سہیل اور یونیسیف کے کنسلٹنٹ عثمان غنی اور گاوی کی نمائندہ ہما خاور نے این جی اوز کے نمائندوں کو انسداد خسرہ مہم کی تمام تفصیلات سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ غیر سرکاری سماجی تنظیمیں معاشرے میں موثر اثرورسوخ رکھتی ہیں اور عام آدمی تک صحت کا پیغام پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کریں گی، انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سماجی بہبود سمیت تمام متعلقہ اداروں میں قریبی رابطہ موجود ہے اور عوامی شعور اجاگر کرنے میں تمام مکتبہ فکر اور طبقات کے نمائندوںکا تعاون حاصل کیا گیا ہے، محکمہ صحت کے حکام نے این جی اوز کے نمائندوں سے کہا کہ انسداد خسرہ مہم ایک قومی کاز ہے اور پاکستان کو ایک صحت مند مستقبل دینے کے لئے سب کو قومی یکجہتی کے ساتھ کام کرنا ہو گا، اس موقع پر این جی اوز کے نمائندوں نے اس عزم کا بھرپور اظہار کیا کہ بیماری کے خاتمہ کے لئے محکمہ صحت کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور صحت کا پیغام ہر گھر تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں