ن لیگ کے ارکان احتجاج کرکے شہباز شریف کی کرپشن پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں : وزیراطلاعات

احتجاج کا مقصد گونگلوئوں سے مٹی جھاڑنے کے سوا کچھ نہیں : فیاض الحسن چوہان اب شہباز شریف کے بعد اب حمزہ شہباز اور رانا ثناء اللہ کی شامت آنے والی ہے : صوبائی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 10 اکتوبر 2018 23:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نون لیگ کے اراکین اسمبلی اپنے قائد شہباز شریف کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لئے میڈیا اور عوام کی نظروں میں دھول جھونک رہے ہیں-ان کا احتجاج صرف گونگلووں سے مٹی جھاڑنے کے مترادف ہے جس کا مقصد اپنے لیڈروں کی کرپشن اور ان کے جیل میں جانے کی خفت مٹا نا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نیب ایک آزاد اور خود مختارادارہ ہے اگر نون لیگ کے قائدین بددیانت نہیں ہوں گے تو ان کیسوں سے فارغ ہو کررہاہوجائیں گے مگر پوری قوم جانتی ہے کہ ان لوگوں نے کھربوں کی کرپشن کی ہے اور اب اس کی آزاد تحقیقات ہورہی ہیں تو ان کی چیخیں نکلنا شروع ہوگئی ہیں- فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے پیپلزپارٹی کے چھ سات ارکان ہیں جنہوں نے نون لیگی ارکان کے احتجاج پر توجہ نہیں دی-انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بعد اب حمزہ شہباز اور رانا ثناء اللہ کی بھی نیب کی طرف سے شامت آنے والی ہے - احتجاج کرنے والے ارکان کے دماغوں کو آل شریف نے ماؤف کررکھا ہے مگر باشعور عوام اب ان کے جھانسے اور واویلے میں نہیں آئیں گی-صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے ریکوزیشن آنے سے قبل ہی حکومت کی 16اکتوبر کو بجٹ اجلاس بلانے کی ریکوزیشن منظور ہوچکی ہے اور قانون کے مطابق ایک ریکوزیشن کے اوپر دوسری ریکوزیشن منظور نہیں کی جاسکتی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں