حکومت شرح خواندگی میں اضافے کیلئے جامع اصلاحات لا رہی ہے،صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ

بدھ 10 اکتوبر 2018 23:30

لاہور۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت شرح خواندگی میں اضافے کیلئے جامع اصلاحات لا رہی ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہر بچہ تک تعلیم کی رسائی ممکن بنائی جائیگی،غیر رسمی تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ نظام لے کر آرہے ہیں،وہ گورنمنٹ نان فارمل ایجوکیشن فیڈر سکول سید پور سمیت لاہور کے مختلف غیر رسمی تعلیمی سکولوں کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے دورہ کے دوران زیر تعلیم بچوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔پروجیکٹ ڈائریکٹر اکرم جان اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی منصور اختر غوری بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کا خواب شرح خواندگی کو بہتر کیے بنا شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور موجودہ حکومت شرح خواندگی میں اضافے کیلئے جامع اصلاحات لا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ معاشرے ہی اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کر پاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ تعلیم نہ صرف روزگار کی فراہمی میں آسانی کا باعث ہے بلکہ شعور آگہی کے حصول کا بھی ذریعہ ہے۔ بنیادی تعلیم ہر شہری کا حق ہے اور حکومت کا عزم ہے کہ کوئی بچہ بھی تعلیم سے محروم نہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہر بچہ تک تعلیم کی رسائی ممکن بنائی جائیگی۔

بنیادی تعلیم کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں اولین اہمیت کی حامل ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ غیر رسمی تعلیمی ادارے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں۔غیر رسمی تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ نظام لے کر آرہے ہیں ۔غیر رسمی تعلیم کے تحت قائم سکولوں کی کارکردگی کی بذات خود نگرانی کر رہا ہوں۔تعلیم کے شعبہ کو پچھلی حکومتوں نے مکمل طور پر نظر انداز کیے رکھا اور فنڈز تعلیم پر لگانے کی بجائے ایسے منصوبوں میں لگائے گئے جہاں سے ذاتی جیبیں بھری جا سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں