جانوروں کے عالمی دن پر لاہور چڑیاگھر میں گرین پاکستان پروگرام کے زیراہتمام خصوصی تقریب کاانعقاد

پوسٹرز کی تیاری کے مقابلے میں مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ کی شرکت،خصوصی بچوںنے ٹیبلو شوپیش کیا جنگلی جانورہمار ا قومی و قدرتی ورثہ ،معدومی سے بچانے کیلئے سب کردار ادا کریں، ڈائریکٹر وائلڈلائف محمد نعیم بھٹی

بدھ 10 اکتوبر 2018 23:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹر وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب محمد نعیم بھٹی نے کہا ہے کہ کہ صوبہ میں پائے جانیوالے جنگلی جانور ہمارا قدرتی و قومی ورثہ ہیں اور ان کی معدوم ہوتی نسلوں کی بحالی کیلئے محکمہ ہر ممکن اقدامات کررہا ہے تاہم زندگی کے تمام شعبوں سے متعلق لوگوں کو اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اس سلسلہ میں محکمہ کی مدد کرنا ہو گی۔

انہوںنے یہ بات لاہور چڑیاگھرمیں گرین پاکستان کے تعاون سے جانوروں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پرپراجیکٹ ڈائریکٹر گرین پاکستان پروگرام میاں حفیظ احمد ، ڈائریکٹر لاہورچڑیاگھر حسن علی سکھیرا، پنجاب یونیورسٹی ، گورنمنٹ کالج ، کنیئرڈکالج اور فلاح فائونڈیشن کے طلباء و طالبات اور خصوصی بچوں نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

محمد نعیم بھٹی نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث جانوروں کی قدرتی آما جگاہیں سکڑتی جارہی ہیں اس لیے جانوروںکی نسلوں کی بحالی صوبہ بھر کے چڑیاگھروں اور وائلڈلائف پارکس میں ان کی افزائش نسل کا کام جاری ہے ۔پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین پاکستان پروگرام میاں حفیظ احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کاعالمی دن منانے کا بنیادی مقصدلوگوں میں جانوروںکی حفاظت کاشعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں انکی اہمیت بارے آگہی پیدا کرنا ہے۔

انہوںنے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم کرہ ارض پر موجود جانوروں کی اہمیت بارے لوگوں کو ایجوکیٹ کریں اور انکی فلاح کی تحریک کو تقویت د یں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن دنیا کے تمام ممالک میں بلاتفریق قومیت و مذہب منایا جا رہا ہے ۔ دنیا میں آگاہی اور تعلیم کے اس ذریعے سے ہم ایک ایسا جہاں تخلیق کرسکتے ہیںجہاں جانوروں کی اہمیت مسلمہ ہواور بحیثیت انسان ہم ان کی بہتری اور دیکھ بھال کے نظام پر توجہ دے سکیں ۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ وہ جلد ہی گرین پاکستان پروگرام کے تحت مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء وطالبات کو 5دن کیلئے کیمپنگ کروائیں گے تاکہ انہیں اندازہ ہوسکے کہ وہ جانوروں کی حفاظت کس طرح یقینی بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی جانور کو حفاظت کی ضرورت ہے تو وہ محکمہ سے رابطہ کریں تاکہ اسے اس کی قدرتی آما جگا ہ میںمنتقل کرسکے ۔ بعدازاں فلاح فائونڈیشن کے خصوصی بچوں نے جانوروں کے تحفظ بارے ٹیبلو پیش کیا جبکہ یونیورسٹیوں کے طلباو طالبات نے پوسٹرز کی تیاری کے مقابلے میں حصہ لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں