صوبائی وزیر مال ملک محمد انور کی ورلڈ بینک کے نمائندگان سے ملاقات،

شہری زمین کی ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈائز یشن کے معاملات پر تبادلہ خیال ورلڈ بینک کے نمائندگان کی اربن منصوبے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی

جمعرات 11 اکتوبر 2018 22:46

لاہور۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر مال ملک محمد انور کی عالمی بینک کے وفد سے نیو منسٹر بلاک میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں ڈائریکٹر سماجی، دیہی اور شہری شعبے مسز انا والینسٹین اور لینڈ ایڈمنسٹریشن کے ماہر مسٹر مکا لیڈ کے علاوہ ڈی جی لینڈ ریکارڈ پنجاب رائو محمد اسلم بھی شامل تھے۔ملاقات میں لینڈ ریکارڈ کے حوالے سے دیہی اور شہری علاقوں سے متعلقہ معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملک انور نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ورلڈ بینک نے دیہی لینڈ ریکارڈز کے ڈیجیٹائزیشن میں اہم کردار ادا کیا ہے اور تکنیکی اور نگرانی کے معاملات میں ورلڈ بینک کی بھرپور معاونت کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے موجودہ نظام میںبہتری کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں،جس کی وجہ سے نادرا فرنچائزز سے بھی فرد کا ریکارڈ حاصل کیا جاسکتا ہے، حکومت پنجاب نچلی سطح تک رسائی ممکن بنانے کے لئے مزید 100سینٹرز بنانے جا رہی ہے، جس کی تعمیر کے لئے 2 بلین روپے مختص کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ملک انور نے کہا کہ دیہی زمین کی 90فیصد ریکارڈ سازی مکمل ہوچکی ہے ،جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیںاور اب شہری زمین کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کی منصوبہ بندی کیلئے ہمیں پروجیکٹ دستاویز کی تیاری میں ممکنہ طور پر عالمی بینک کی حمایت کی ضرورت درکار ہے۔ورلڈ بینک کے نمائندگان نے کہا کہ ورلڈ بینک دنیا بھر میں اسی نوعیت کے منصوبوں سے نمٹنے کا وسیع تجربہ رکھتا ہے اوردنیا بھر میں لینڈ ریکارڈ کی رجسٹریشن کا عمل یقینی طور پر منافع بخش کام بن چکا ہے۔

؂انہوں نے صوبائی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ ورلڈ بینک مقامی ضروریات کے لئے مناسب ماڈل کے ڈیزائن میں مکمل تعاون کرے گااور تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ تعلقات مزید بہتر بناتے ہوئے عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کریگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں