ترقیاتی منصوبوں کیلئے قرض لینا ہے تو ایسے قرض کی کوئی ضرورت نہیں،مجید غوری

اس وقت سیاستدانوں اور عوام کو مل کر قربانی دینے کی ضرورت ہے،حکمرانوں سے مطالبہ ہے کہ اشیاء خوردونوش سستی کی جائیں تاکہ غریب عوام کو دو وقت کی روٹی نصیب ہو سکے،مرکزی چیئر مین عوامی رکشہ یونین

جمعرات 11 اکتوبر 2018 23:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2018ء) عوامی رکشہ یونین کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور وزیروں کی تنخواہیں اور مراعات اس وقت تک روک لی جائیں جب تک ملک کا سارا قرضہ اتر نہیں جاتا اور ملک معاشی لحاظ سے مظبوط نہیں ہو جاتا ۔اس وقت سیاستدانوں اور عوام کو مل کر قربانی دینے کی ضرورت ہے۔

ہر دفع عوام کو ہی قربانی کا بکرا بنایا جاتا ہے ۔ویسے بھی تمام سیاسی پارٹیاں اقتدار میں آنے سے پہلے یہی دعویٰ کرتی ہیں کہ ہم صرف اور صرف عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔اگر ترقیاتی منصوبوں کیلئے قرض لینا ہے تو ایسے قرض کی کوئی ضرورت نہیں۔کیونکہ یہیںسے کرپشن کی راہ ہموار ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

حکمرانوں سے مطالبہ ہے کہ اشیاء خوردونوش سستی کی جائیں تاکہ غریب عوام کو دو وقت کی روٹی نصیب ہو سکے ۔

ان خیالات کا اظہار عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری نے گزشتہ روز مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ستر سالوں سے ملک کے غریب عوام قربانیاں دیتے آ رہے ہیں۔ہر حکمران کے غلط فیصلوں اور لوٹ مار کا خمیازہ عوام کو ہی بھگتنا پڑا ہے۔ اس بار پھر ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے پھر سے ٹیکسوں کی بھرمار،اشیا ء خوردو نوش عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے اس کے باوجود سب سیاسی پارٹیاں یہ دعویٰ کررہی ہیںکہ ہم ہی عوام کی خیر خواہ ہیں اور ہر پارٹی کا غریب ورکر بھی یہی سمجھتا ہے اسی لئے اپنی پارٹی کے لئے ہر صعوبت برداشت کرنے کیلئے تیا رہے۔

اس وقت ملک اربوں ڈالر کا مقروض ہو چکا ہے۔جب تک یہ قرض نہیں اتر ے گا۔کوئی بھی حکومت ملک میںمہنگائی کا طوفان ختم نہیں کر سکتی ۔اس لئے ہماری حکمرانوں سے اپیل ہے کہ ارکان پارلیمنٹ ،ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں اور وزرا کی تنخواہیں اور مراعات اس وقت تک بند کر دی جائیں۔ جب تک ملک اپنے پائوں پر کھڑا نہیں ہو جاتا۔ جب ان کو یہ تنخواہیں اور مراعات نہیں ملیں گی تو وہ جی جان سے ملک کواس بحران سے نکالنے کی کوشش کریں گے۔

مجید غوری کا کہنا تھا کہ اصل میں قربانی ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں،ارکان پارلیمنٹ اور وزراء کو دینی چاہئے۔کیونکہ ملک کواس نہج تک پہنچانے کے یہی ذمہ دار ہیں۔جو مختلف پارٹیوں کے ممبر بن کر ملک کو لوٹتے رہے ہیں۔مجید غوری نے کہا کہ ہم اس حوالے سے ناصرف عوام میں شعور بیدار کریںگے۔بلکہ اسمبلیوں میں بیٹھے اپنے رہنمائوں کی تنخواہیں اور مراعات ملک خوشحال ہونے تک بند کروانے کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔اس سلسلے میں عوامی رکشہ یونین اور عوامی پاسبان مہنگائی کے خلاف بہت بڑی احتجاجی ریلی نکالیں گے ۔ جس کی تیاری کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں