آئی ایم ایف سے قرضہ لینا نہیں چاہتے تھے، مجبوراً لینا پڑا،قرضے کی پائی پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے،ہاشم ڈوگر

جمعرات 11 اکتوبر 2018 23:08

لاہور۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر محکمہ بہبودآبادی پنجاب کرنل( ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر وہ قدم اٹھائیں گے جس سے عوام خوشحال ہو، انکا کہنا تھا کہ نئے منصوبوں کے اجراء کیلئے رقم درکار ہے لیکن اگر خزانہ خالی ہو تو کیا کیا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی پنجاب کے زیر اہتمام پاپولیشن کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کہ حکومت آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لینا چاہتی تھی لیکن انہیں مجبوری یہ قدم اٹھانا پڑا، انہوں نے کہا کہ ہمارا وعدہ ہے کہ اس قرض کی پائی پائی عوام کے اوپر خرچ کی جائیگی اس سے اپنی ذاتی جیبیں نہیں بھری جائیں گی، صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 50لاکھ گھر اور1کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا پر جس رفتار سے آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے یہ بھی کم پڑ جائیں گے، ہاشم ڈوگر نے کہا کہ بڑھتی آبادی آج کے دور میں سب سے اہم مسئلہ ہے جس پر کنٹرول پانے کیلئے علماء کرام کے تعاون کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر خاندانوں کی کائونسلنگ کیلئے ویلیج کائونسل کا نظریہ متعارف کروا رہے ہیں ، انکا کہنا تھا کہ ایک پاکستانی عورت اوسطا 4بچے پیدا کر رہی ہے اگر آبادی اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو 2050 تک پاکستان کی آبادی ڈبل ہو جائیگی، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ معاشرے میں تبدیلی لانے کیلئے پہلے سوچ کو بدلنا ہوگا، جس کیلئے آپ کو خود فیصلہ کرنا ہو گا کہ آپ کیا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک خوشحال اور صحتمند ماں ہی بچے کی اچھی تربیعیت کر سکتی ہے، انہوں نے زور دیا کہ اگر زندگی کو آسان بنانا ہے تو بچوں کو وقت دینا ہوگا ورنہ معاشرے کو بگاڑ کی طرف بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا، سیمینار میں سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر بشریٰ امان،ڈائریکٹر پاپولیشن ویلفیئر نعیم الدین راٹھور، ڈائریکٹر جنرل PILAC ڈاکٹر صغریٰ شفیع اور دیگر مہمانان گرامی سمیت طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں