پنجاب میں دنیا کی سب سے بڑی پولیو مہم کے تحت چھ کروڑ بچوں کو قطرے پلائے گئے‘ ڈاکٹر عمر سیف

جمعہ 12 اکتوبر 2018 00:50

لاہور۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) پنجاب آئی ٹی بورڈ کے پولیو مہم کیلئے تیار کردہ نظام کے تحت چھ کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں، اس لحاظ سے یہ دنیا کی سب سے بڑی پولیو مہم بن چکی ہے۔ اس نظام کا آغاز ستمبر2016ء میں ہوا تھا۔ پنجاب کے سات اضلاع میں اگست 2018ء تک 35لاکھ بچوں کی پولیو ویکسی نیشن کی گئی تھی جو ستمبر کے مہینے میں بڑھ کر 43لاکھ 61ہزار تک پہنچ گئی۔

یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف کوجمعرات کے روز یہاں ایک جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔

(جاری ہے)

پولیو سٹاف کو سمارٹ ایپلی کیشن پر مبنی سمارٹ فون فراہم کئے گئے ہیں۔ اس ایپلی کیشن سے مقامی انتظامیہ کیساتھ ساتھ ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف جیسے ادارے بھی پولیو مہم بارے حقیقی اعداد وشمار سے آگاہ رہ سکتے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے پولیوکے زیادہ حساس علاقوں میں پولیو سٹاف میں نو ہزار موبائل فون تقسیم کئے گئے۔ لاہور اور راولپنڈی کے اضلاع میں 7ہزار سمارٹ فون پولیو سپروائزرز اور موبائل ٹیموں کو فراہم کئے گئے۔جبکہ مظفرگڑھ، ملتانِ ڈی جی خان،راجن پور اور رحیم یار خان میں تقریباً دو ہزار موبائل فون صرف سپروائزرزمیں تقسیم کئے گئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں