پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ایف ایم سی انٹرنیشنل مین سکواش چیمپئن شپ کا فائنل آج کھیلا جائے گا

جمعہ 12 اکتوبر 2018 00:50

لاہور۔11 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ایف ایم سی انٹرنیشنل مین سکواش چیمپئن شپ 2018ء کا فائنل آج بروز جمعتہ المبارک شام ساڑھے چھ بجے مصر کے یوسف سلمان اور ملائیشیا کے ایون یون کے درمیان ہوگا۔فائنل کے مہمان خصوصی ایم ڈی ایف ایم سی فاروق شاہد ہوں گے۔ اس موقع پر پاکستان بھر سے سکواش کے بڑے ناموں کی آمد متوقع ہے جن میں جہانگیر خان، قمر زمان اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

گزشتہ روز زبردست سیمی فائنلز ہوئے جن کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد فورگلاس کورٹ میں موجود تھی۔ اس موقع پر پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم، سابق صدر امجد علی نون اور بڑی تعداد میں کھلاڑی موجود تھے۔

(جاری ہے)

دونوں پاکستانی کھلاڑی سیمی فائنلز ہار گئے ۔ پہلے سیمی فائنل میں یوسف سلمان نے اپنے تجربے سے پاکستانی کھلاڑی فرحان محبوب کو ہرایا۔

یوسف سلمان نے پہلی گیم جیتی مگر فرحان محبوب نے واپسی کرتے ہوئے اگلی گیم جیت کر میچ برابر کردیا مگر یوسف سلمان نے اگلی دونوں گیمز جیت کر مقابلہ جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ یوسف سلمان کا فائنل رزلٹ 12/10, 9/11, 11/9, 11/3 اور 43 منٹ رہا۔دوسرے سیمی فائنل میں طیب اسلم نے ایون یون کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا مگر وہ میچ نہ جیت سکے۔ طیب نے پہلی گیم جیتی، دوسری ، تیسری اور چوتھی گیم ایون نے جیت کر میچ 9/11, 11/7, 11/8, 11/8 سے 46 منٹ میں جیت کرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

قبل ازیں گزشتہ روز کھیلے گئے دوسرے کوارٹرفائنل میں فرحان محبوب پاکستان نے مصر کے میزان گومل کو 11/9, 11/8, 11/9 سے 32 منٹ میں ہرایا۔ تیسرے کوارٹرفائنل میں طیب اسلم پاکستان نے فرانس کے اگسٹے ڈسٹرٹ کو 11/8, 11/9, 12/10 سے 35 منٹ میں ہرا دیا۔ چوتھے اور آخری کوارٹرفائنل میں ملائیشیا کے ایون یون نے پاکستان کے اسرار احمد کو 11/8, 11/6, 11/7 سے ہرا دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں