نان فارمل سکولوں میں معیار ِتعلیم کو بہتر بنانے کیلئے اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے،صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ

جمعہ 12 اکتوبر 2018 22:12

لاہور۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر لٹریسی اینڈنان فارمل بیسک ایجوکیشن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ معاشرے سے جہالت اور ناخونداگی کے اندھیروں کے خاتمہ کیلئے سکول سے باہر تمام بچوں کو سکولوں میں لانا ہوگا اس سلسلہ میں لٹریسی اینڈنان فارمل بیسک ایجوکیشن سکولز اہم کردار ادا کررہے ہیں ، نان فارمل سکولوں میں معیار ِتعلیم کو بہتر بنانے کیلئے اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ غیر رسمی سکولوںکے اساتذہ ، بچوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے کا قومی فریضہ احسن طریقے سے انجام دیں سکیں ۔

یہ بات انہوں نے سیالکوٹ کے موضع کوٹلہ آمبانوالہ میں نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکول کے دورہ کے دوران محکمہ تعلیم اور لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل منور حسین لنگڑیال ، سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی واجد حسین ملک، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن الطاف شیخ، ڈی ای او ایلیمنٹری نصراللہ چودھری اور ڈی ای او لٹریسی آصفہ اکرم بھی اس موقع پر موجود ہیں۔

صوبائی وزیر راجہ راشد نے نان فارمل میں زیر تعلیم بچوں سے سبق سنا اور ان سے سوالات کئے ۔ انہوں نے سکول ٹیچر کو تاکید کی کہ وہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ان کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں ۔ صوبائی وزیر نے اپنے دستخط سے ننھی ماہم کو نان فارمل سکول میں داخل کیا اور اس کوبستہ اور کتابیں دیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ایجوکیشن کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں پر ڈی ای اولٹریسی آصفہ اکرم نے صوبائی وزیر کو لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سیالکوٹ کے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں320نان فارمل بیسک ایجوکشن سکول میں 7500 جبکہ تعلیم سب کیلئے پروگرام کے تحت 35این ایف ای فیڈر سکولز میں 1000بچے زیر تعلیم ہیں۔

صوبائی وزیرراجہ راشد حفیظ نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن کمپلیکس اورنان فارمل سکول کے سبزہ زار میں اپنے ہاتھوں سے پودے لگائے ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق افسران اوپن ڈور پالیسی کو اپنائیں اور سائلین کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ افسران عوام الناس کے درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں غفلت یاکوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں