بھارتی سفارتخانے کو کوٹ لکھپت جیل میں بھارتی شہری کی موت سے متعلق آگاہ کردیا گیا ،شہریت کی تاحال تصدیق نہ ہو سکی

اگر بھارتی سفارتخانے نے کرشن ساگر کو اپنا شہری تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی لاش واپس لی تو اسے لاوارث قرار دیکر ہندو مذہب کے رسم ورواج کے مطابق اسکی آخری رسومات ادا کردی جائیں گی‘ذرائع

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 14:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) بھارتی سفارتخانے کو کوٹ لکھپت جیل میں بیماری کے باعث مرنے والے بھارتی شہری کی موت سے متعلق آگاہ کردیا گیا ۔ تاہم کرشن ودیا ساگر کے بھارتی شہری ہونے کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کرشن ودیا ساگر کے خلاف 2015ء میں دفعہ 420، 468، 471، 467 اور فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جس کے نتیجے میں کرشن ودیا ساگرکو 10ماہ قید اور 5ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی ، کرشن ساگرکی سزا 20 اپریل 2016 میں مکمل ہوگئی تھی، اس کی شہریت کی تصدیق کے لئے بھارتی حکومت کو متعدد بار آگاہ کیا گیا لیکن بھارت کی طرف سے اس کی تصدیق نہ ہوسکی۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق کرشن ودیا ساگرکو 10مارچ 2017ء میں قونصلر رسائی دی گئی لیکن اس کے بعد بھی اس کی شہریت کی تصدیق کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا تھا، کرشن ساگر کچھ عرصے سے بیمار تھا اورجیل میں ہی اس کا علاج معالجہ کیا جارہا تھا تاہم جمعہ کے روز وہ چل بسا، اس کی لاش جناح ہسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی ہے اور اب بھارت کی طرف سے اس کی لاش واپس لینے کے لئے درخواست کا انتظار کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارتخانے ابھی تک اپنے مبینہ شہری کی لاش واپس لینے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے ، اگر بھارتی سفارتخانے نے کرشن ساگر کو اپنا شہری تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی لاش واپس لی تو اسے لاوارث قرار دے کر ہندو مذہب کے رسم ورواج کے مطابق اس کی آخری رسومات ادا کردی جائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں