بجلی چوروں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی‘چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر

بجلی چوری کی روک تھام کیلئے صوبائی ٹاسک فورس قائم، کریک ڈان کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت قومی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں کا تعاون درکار ہو گا‘سیکرٹری پاور ڈویژن کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 18:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے کہا ہے وفاقی حکومت کی بجلی چوری کیخلاف قومی مہم کے دوران صوبہ میں بجلی چوروں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی،بجلی چوری کیخلاف قومی مہم کو صوبہ میں بھرپور انداز میں شروع کرنے کیلئے صوبائی ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے، سیکرٹری توانائی کی سربراہی میں ٹاسک فورس بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات کیساتھ ساتھ ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر قائم ہونیوالی کمیٹیوں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ بھی کریگی۔

سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ بجلی چوری کسی ایک صوبے یا علاقے کا مسئلہ نہیں ، اس پر قابو پانے کیلئے قومی جذبے سے کام کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے مہم میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں انڈسٹریل، کمرشل اور زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو کنکشنزسے بجلی چوری کرنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کیخلاف مہم میں بڑے مگرمچھوں پر پہلے ہاتھ ڈاالا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے ٹاسک فورس کے سربراہ عامر جان کو ہدایت کی کہ بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈان کیلئے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے اور عوامی آگاہی کیلئے مہم شروع کی جائے۔ سیکرٹری پاور ڈویژن عرفان علی نے اجلاس کو بتایا کہ پاور سیکٹر میں سر کلر ڈیبٹ کی بڑی وجہ لائن لاسز اور بجلی چوری ہیں، اگر لوڈشیڈنگ کومکمل طور پر ختم کرنا ہے تو لائن لاسز اور بجلی چوری کو ختم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائنز کو بہتر بنانے اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ ڈیفالٹرز کو کسی صورت دوبارہ نئے کنکشنز نہ دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کیخلاف قومی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے صوبائی حکومتوں کا مکمل تعاون درکار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ملی بھگت اورغفلت سے بجلی چوری کی شکایات بھی ہیں، ایسے سرکاری ملازمین کیخلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو کسی صورت اوور بلنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز، سیکرٹری قانون، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ، پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس آفیسرز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں