چیف جسٹس کی جانب سے عدالتی نظام کو شفاف بنانے کااعلان خوش آئند ہے‘امیر العظیم

پاکستان کومدینہ جیسی ریاست بنانے کے لیے شرعی قوانین کانفاذ ضروری ہے‘امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 18:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ چیف جسٹس کے عدالتی نظام کو شفاف بنانے کے حوالے سے ریمارکس خوش آئند ہیں،عدلیہ سمیت دیگر اداروں میں خرابیاں موجود ہیں جن کو دور کرکے عدالتی نظام کو فعال اور بہتر بنایاجاسکتا ہے،موجودہ عدالتی نظام میں پیچیدگیوں کی وجہ سے پورے ملک میں لاکھوں مقدمات التواء کا شکار ہیں ،عدالت عظمیٰ،صوبائی ہائیکورٹس اور دیگر عدالتوں میں لوگوں کو جلد انصاف نہیں مل پاتا جس کی وجہ سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

ان حالات میں چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار کاعدالتی نظام کی اصلاح کے حوالے سے بیان حوصلہ افزا ہے۔امید کی جانی چاہئے کہ اب عدالتی نظام کی بہتری کے لیے پیش رفت بھی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بروقت انصاف کا حصول ہر شہری کابنیادی حق ہے مگر بدقسمتی سے سائلین کے ساتھ ایسانارواسلوک کیاجاتا ہے کہ جس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہاکہ لوگ اپنے ساتھ ظلم وزیادتی ہونے پر کئی کئی برس تک مقدمات کا سامنا کرتے ہیں۔

نچلی سطح پر عدالتی عملے کے ساتھ وکلاکی ملی بھگت کے باعث جن مقدمات کافیصلہ دنوں اور ہفتوں میں ہونا چاہئے وہ کئی کئی مہینوں اور برسوں پر محیط ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ عدلیہ اورپولیس کے شعبوں میں بہتری لے آئیں تو ملک میں حقیقی معنوں میں تبدیلی آسکتی ہے۔ایسی مثالیں پہلے بھی ہمارے سامنے موجود ہیں کہ بے گناہ افراد جب عمر قید کاٹ چکے ہوتے ہیں تو ان کی بے گناہی بعد میں ثابت ہوتی ہے۔

یہ عدالتی نظام اور تحقیقاتی اداروں کی کارکردگی پر بڑاسوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں تمام اداروں کواپنی اصلاح کرنی ہوگی تاکہ عدل وانصاف کا بول بالا ہوسکے۔دنیا میں وہی ملک ترقی کرتے ہیں جہاں عوام کوبروقت انصاف ملتا ہے۔عدل وانصاف سے محروم معاشرہ ترقی کی بجائے تنزلی کا شکار ہوتاہے۔امیر العظیم نے مزید کہاکہ بحیثیت مسلمان قرآن وسنت کانظام مکمل طورپر ہماری رہنمائی کرتاہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ انگریزوں کے عدالتی نظام کو تبدیل کرکے اسلامی قوانین کے مطابق فیصلے کیے جائیں۔پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنانے کے لیے اسلام کے سنہرے اصولوں پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں