پی آئی اے میں ناقص پالیسیوں کے ذمہ داران افسران کیخلاف سخت کارروائی کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 18:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) قومی ائیر لائن پی آئی اے میں ناقص پالیسیوں کے ذمہ داران افسران کے خلاف سخت کارروائی کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ۔ مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے میں نہ باکمال لوگ اور نہ ہی لاجواب سروس ،قومی ائیر لائن بہتر کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا باعث،روانہ کم از کم 5 سے 7 پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

تاخیر کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی مسافر اذیت کا شکار ہوتے ہیں،کبھی انجن کی مرمت تو کبھی فنی خرابی کا بہانہ بنا کر پروازوں میں تاخیر کی جاتی ہے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر قومی ائیر لائن کے افسران ٹس سے مس نہیں ہوتے۔قومی ائیر لائن کی کارکردگی کو بہتر بنانیںکے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔دنیا بھر میں بدنامی سے بچانے کے لیے اس ادارے کے نقائص دور کیے جائیں ۔قرارداد میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسے تمام افسران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جو اس نقائص کے ذمہ دار ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں