محکمہ وائلڈلائف کے ویجیلینس سکواڈ کی کارروائی ، 7 فالکن دبئی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

اتوار 14 اکتوبر 2018 17:50

لاہور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف گوجرانوالہ ریجن عبدالشکور منج کی سربراہی میں تشکیل دئیے گئے ویجیلنس سکواڈ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کسٹم حکام اور سول ایوی ایشن کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے 7 فالکن دبئی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور ملزم کو گرفتار کر کے فالکن قبضہ میں لے لئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ویجیلنس سکواڈ کے سربراہ کو خفیہ اطلاع ملی کہ ملزم عباس فدیل احمد جو کہ عراقی باشندہ ہے خفیہ طور پر اسلام آباد ایئرپورٹ سے ابو ظہبی پرندے سمگل کر رہا ہے جس پر ویجیلنس سکواڈ نے ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف افسر اٹک منظور اور اپنی ٹیم کے ہمراہ کسٹم حکام اور سول ایوی ایشن حکام کی مدد سے کارروائی کرکے ٹریولر بیگ کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائے گئے 7 فالکن برآمد کر لئے اور ملزم کو گرفتار کر لیا ۔

(جاری ہے)

کل صبح ملزم کو عدالت میں پیش کر کے مزید احکامات حاصل کیئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں یہی ملزم عباس 30 جنوری 2018 ء کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور سے 6 فالکن پرندے دبئی سمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔ ویجیلنس اسکواڈ کی کامیاب کارروائی پر ڈائریکٹر وائلڈ لائف محمد نعیم بھٹی نے ویجیلنس سکواڈ کی کارروائی کو سراہتے ہوئے ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور اسی طرح فرض شناسی سے فرائض سر انجام دیتے رہنے کی ہدائت کی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں