سابق حکومت کی سکیمیں عوام کو فائدہ دینے کی بجائے قومی خزانے کیلئے سفید ہاتھی ثابت ہورہی ہیں، ایسی سکیمیں لارہے ہیں جو صحیح معنوں میں عام آدمی کی زندگی بدل دیں گی،صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال

اتوار 14 اکتوبر 2018 17:50

لاہور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ سابق حکومت کی ایسی سکیمیں جو عوام کو فائدہ دینے کی بجائے قومی خزانے کیلئے سفید ہاتھی ثابت ہورہی ہیں وہ آگے نہیں چل سکتیں، ایسی سکیمیں لارہے ہیں جو صحیح معنوں میں عام آدمی کی زندگی بدل دیں گی، پاکستان تحریک انصاف کا ایجنڈا عام آدمی کی فلاح اور محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہے، عوام نے پی ٹی آئی پر جس اعتماد کا اظہار کیاہے ہم اسے کسی صورت مایوس نہیں کریں گے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے جان لڑا دیں گے، سابق حکمرانوں نے اپنی غلط ترجیحات کے باعث ملک و قوم کو مسائل کی دلدل میں پھنسایاہے ، وزیراعظم کی قیادت میں ہم اسے باہر نکالیں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ،صوبائی وزیر نے ان خیالات کااظہار سبزہ زار اور سوڈیوال میں پارٹی کارکنوں کے مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، صوبائی وزیر نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور ان کی کرپشن کی وجہ سے ملک بے پناہ قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے اور اسے سنگین مالیاتی مسائل کا سامنا ہے ، سابق حکمرانوں کی لوٹ مار سے ملک میں مایوسی ، غربت اور بے روزگاری اندھیرے چھائے ہوئے ہیں ، ورثے میں ملنے والی بیمار معیشت کی بحالی کا سخت چیلنج بھی درپیش ہے، سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہاہے اور موجودہ حکومت کو مجبوری کے تحت سخت فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں،انہو ںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی جرات مندانہ ،وژنری اور دلیرانہ قیادت میں ملک سے مایوسی کے اندھیرے ختم کریں گے اور پاکستان کو ترقی او ر خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ،انہو ںنے کہاکہ پنجاب کے سابق حکمرانوں نے ہاؤسنگ سکیمو ںکے نام پر قومی وسائل کولوٹا اور بے گھر افراد کو اپنی چھت کا خواب دکھا کر دھوکہ دیا جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت حقیقی معنو ں میں عام آدمی کو گھر دے کر ان کا اپنی چھت کا خواب پورا کرے گی،ملک میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا انقلابی منصوبہ عام آدمی کے اپنے گھر کے خواب کو تعبیر دے گا ،انہو ںنے کہا کہ سابق حکومت کی ایسی سکیمیں جو عوام کو فائدہ دینے کی بجائے قومی خزانے کیلئے سفید ہاتھی ثابت ہورہی ہیں وہ آگے نہیں چل سکتیں ، ہم ایسی سکیمیں لارہے ہیں جو صحیح معنوں میں عام آدمی کی زندگی بدل دیں گی،انہو ںنے کہاکہ غریب قوم کی محنت کی کمائی کو مال مفت سمجھ کر اس پر ہاتھ صاف کرنے والوں کو حساب دینا ہوگا اور یہی پوری قوم کی آواز ہے ،انہو ںنے کہاکہ قوم کو دھوکہ دینے والوں کو عوام نے عام انتخابات میں بھر پور جواب دیا ہے، شکست کھاکر وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور انہیں یقین نہیں آرہا کہ اب وہ حزب اقتدار کی بجائے حزب اختلاف بن چکے ہیں -

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں