پنجاب سمیت ملک بھر میں کبڈی کے فروغ کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں گے ، صوبائی وزیر راجہ بشارت

اتوار 14 اکتوبر 2018 17:50

لاہور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) پنجاب سمیت ملک بھر میں کبڈی کے فروغ کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ گراس روٹ لیول پر اس کھیل کی مقبولیت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کیا جا سکے، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر قانون و صدر پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن راجہ بشارت نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور اور دیگر عہدیداران کے ساتھ خصوصی ملاقات میں کیا، راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ پچھلے چار پانچ سالوں میں پنجاب میں کبڈی کی ترقی کے لیے کوئی خاص اقدامات نہیں اٹھائے گئے تھے جس کی بنا ء پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان بھر میں اس کھیل کی ترقی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ مرکز اور صوبے میں کبڈی کی نئی قیادت آئی ہے جس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کھیل کی ترقی کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروکار لائے، راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان اور تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کی بھی خواہش ہے کہ پاکستان کے روایتی کھیلوں کو ایک مرتبہ پھر زندہ کیا جائے، پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن نے بھی اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ہم صوبے سمیت ملک میں گراس روٹ لیول پر کبڈی کے فروغ کے لیے کام کرینگے اس کے لیے زیادہ سے زیادہ ایونٹس کا انعقاد کر کے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل میں اپنے جوہر دکھانے کے مواقع فراہم کرینگے، اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا محمد سرور نے بھی انہیں یقین دہانی کرائی کہ فیڈریشن اپنی تمام صلاحیتوں کو بروکار لاتے ہوئے کھیل کی ترقی کے لیے صوبائی ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر کام کرئے گی، ایشین سٹائل کبڈی لیگ کے بعد ہم سرکل سٹائل کبڈی کی بھی لیگ کرانے جا رہے ہیں جس کی بھی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، پنجاب میں راجہ بشارت کی صورت میں ایک اچھے اور کھیل سے پیار کرنے والے شخص کی ایسوسی ایشن میں آمد ہوئی ہے جس کا کھیل اور کھلاڑی کو فائدہ ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں