ضمنی انتخابات میں بالآخر جیت پی ٹی آئی کا مقدر ٹھہری‘چوہدری ظہیرالدین

ْملک میں عدم استحکام کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،جمہوریت منفی قوتوں کو منہ کی کھانا پڑے گی

پیر 15 اکتوبر 2018 16:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین نے کہا ہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات نے ثابت کیا ہے کہ عوام روایتی سیاسی کلچر سے ہٹ کر ملک میں تبدیلی چاہتی ہے،وزیراعظم عمران خان تبدیلی کی علامت ہیں اسی وجہ سے بالآخر ضمنی انتخابات میں جیت پی ٹی آئی کا مقدر ٹھہری،ملک میں عدم استحکام کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،جمہوریت منفی قوتوں کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں اپنے ایک بیان میں کیا۔چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں سیاسی میدان میں مخالفین کا مقابلہ بغیر کسی سیاسی مداخلت کے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی مدبرانہ قائدانہ صلاحیتوں اور عوام کے تعاون سے ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال لیں گے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام ان کے ساتھ ثابت قدمی سے کندھے سے کندھا ملا کر چلے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری تمام منصوبہ جات خالصتاً عوام کی بھلائی اور ملک وقوم کی ترقی واستحکام کے لئے ہیں نہ کہ وزیراعظم کی اپنی ذات کے لئے۔صوبائی وزیرپبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ وزیراعظم عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں۔50لاکھ گھروں کی تعمیر اور 1کروڑ نوکریوں کی فراہمی سمیت قوم سے کئے جانے والے دیگر وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ حکومت اپنے تمام منصوبہ جات میں شفافیت اورمیرٹ کو ملحوظ خاطر رکھے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کہ کہ وہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ صفائی کے اعتبار سے 5برس بعد ہم ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ ہو سکیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں کرپٹ عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ ہو گا۔چوہدری ظہیرالدین نے کہا کہ عوام نے اب ملک میں تبدیلی کی ٹھان لی ہے لہذا کرپٹ عناصر اور ماضی میں باریاں لینے والے سیاسی گماشتے عوام کو ایک نظر نہیں بھاتے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں