ریلوے کاغوث اعظم روڈ گلبرگ میں 57دکانوں کی الاٹمنٹ منسوخ کر کے دوبارہ نیلامی کا فیصلہ

پیر 15 اکتوبر 2018 17:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان ریلوے نے غوث اعظم روڈ گلبرگ میں 57دکانوں کی الاٹمنٹ منسوخ کر کے ان کی دوبارہ نیلامی کا فیصلہ کر لیا ، یہ دکانیں 25برس قبل ریلوے ریٹائرڈ ملازمین کو الاٹ کی گئیں، دوبارہ نیلامی سے سینکڑوں خاندان بے روزگار ہو جائیں گے ، متاثرہ دکانداروں نے ڈی ایس لاہور سفیان سرفراز ڈوگر سے ملاقات کر کے نیلامی منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

ریلوے انتظامیہ نے 25برس قبل غوث اعظم روڈ گلبرگ میں لاہور کینٹ سٹیشن کی اراضی پر57 دکانیں تعمیر کر کے ریٹائرڈ ملازمین کو الاٹ کیں ، ریلوے ملازمین نے دکانوں کو لاکھوں روپے میں فروخت کر دیا۔ ریلوے لاہور ڈویژن نے اچانک تمام دکانوں کا معاہدہ منسوخ کر کے دوبارہ نیلامی شروع کر دی ہے جس سے سینکڑوں خاندان بے روزگار ہو جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انجمن تاجران غوث اعظم روڈ کے صدر تجمل حسین، تحریک انصاف کے رہنمائوں چودھری اقبال ، مرزا اقبال سمیت متاثرہ تاجروں نے ڈی ایس لاہور سفیان سرفراز ڈوگر سے دفتر ملاقات کر کے انھیںبتایا کہ ریلوے ملازمین لاکھوں روپے میں دکانیں فروخت کر کے غائب ہو گئے ،دکانوں کی نیلامی سے وہاں کاروبار کرنے والے غریب تاجر بے روزگار ہو جائیں گے اور ان کے بچے فاقوں مرجائیں گے ، نیلامی منسوخ کر کے ان دکانوں کووہاں کاروبار کرنے والے افراد کو الاٹ کیا جائے ،مطالبہ پورا نہ ہوا تو انصاف کے لئے چیف جسٹس پاکستان سے رجو ع کریں گے۔

ڈی ایس ریلوے سفیان سرفراز ڈوگر نے وفد کو بتایا کہ قانون کے مطابق دکانوں کی نیلامی منسوخ کر کے معاہدہ میں توسیع نہیں ہو سکتی البتہ نیلامی میں پرانے کرایہ داروں کو ترجیح دیں گے ، ریلوے اراضی پر قبضہ کا دور ختم ہو چکا ، جو افراد دکانوں میں کاروبار کر رہے ہیں وہ دکانوں کو دوبارہ کرایہ پر لینا چاہتے تو نیلامی میں حصہ لیں انھیں پالیسی کے مطابق ترجیح دی جائیگی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں