ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور آئین و قانون کی بالاستی کیلئے قوم کو متحدہ ہو نا ہو گا ‘ذکراللہ مجاہد

مسلمانوں نے مذہب کو رسم بنا ڈالا ہے اور دین کی روح تک کو فراموش کر رکھا ہے جس کی وجہ سے مسائل کا شکا رہیں

پیر 15 اکتوبر 2018 18:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور آئین و قانون کی بالاستی کیلئے قوم کو متحدہ ہو نا ہو گا اور مل کر جدوجہد کرنی ہو گی جس کیلئے لاکھوں قربانیاں دی گئیں ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ رو زانہوں نے جماعت اسلامی فیصل ٹائون کے رہنما اور سابقہ یوسی ناظم عامر نثار خان کی طرف سے اہل علاقہ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، مقبول احمد ، ممبر کمیٹی حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور رانا نثار احمد ، نگران امور حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور وسیم اسلم قریشی ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیزعابد ، سلیم راٹھور و دیگرسمیت بڑی تعداد میںاہل علاقہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہدنے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ اسکے افراد ایک نظریہ پر یک جان ہو جائیں،پاکستان اسلامی نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا جس کو مدینہ جیسی ریاست بنانے کیلئے حکمرانوں نے کبھی عملی اقدامات نہیں کیے اور بدقسمتی سے کلمہ کے نام پر بننے والی ریاست کو آج تک اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا ہے ۔

ملک پر 70سالوں سے سیکولر طبقہ قابض ہے جنہوں نے عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے ملک کی 20کروڑ عوام کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کی دلدل میں پھنسادیا ہے اور آج مسلمانوں نے مذہب کو رسم بنا ڈالا ہے اور دین کی روح تک کو فراموش کر رکھا ہے ۔ معاشرتی برائیاں عروج پر ہیں ، معاشرے میں جھوٹ ، کرپشن ، گناہ کبیرہ کا ارتکاب ، قتل و غارت ، رشوت اور سفارش کا بازار گرم ہے ۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے۔ عوام آئندہ بلدیاتی الیکشن میں خدمت کی سیاست کرنے والوں کا ساتھ دیں تاکہ ان کے گلی محلے کے مسائل حل ہو سکیں ۔ بحیثت پاکستانی قوم ہمیں پر امن ، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرناہو گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں