حکومت صوبہ پنجاب بلکہ پورے ملک سے غذائیت کی کمی کو دور کرنے کیلئے نیشنل فورٹیفیکیشن کے ساتھ کھڑی ہے ‘سمیع اللہ

فوڈ فورٹیفیکیشن کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے ،پنجاب حکومت ویٹ فلورز کمیشن میں چھوٹی چکیوں کو شامل کررہی ہے‘صوبائی وزیر

پیر 15 اکتوبر 2018 19:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عمران خان کی ترجیحات کے تحت ناقص غذا کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے جو کہ مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔صوبائی وزیر خوراک نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل لاہور میں نیشنل فورٹیفکیشن الائنس آف پاکستان کے زیر اہتمام ’’چکی کے آٹے کو پرموٹ‘‘ کرنے کی تقریب میں کیا۔

اس منصوبے کو اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے تکنیکی اور آسٹریلیا کی حکومت نے مالیاتی معاونت فراہم کی ہے۔اس موقع پر پاکستان میں آسٹریلیاکی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن،نیشنل کوآرڈینیٹر برائے فورٹیفیکیشن ڈاکٹر خواجہ مسعود،صوبائی سیکرٹری خوراک ڈاکٹر شوکت علی اور چکی آٹے کے ملزمالکان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

سمیع اللہ چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحت مند ہونا ہر شخص کا بنیادی حق ہے جس سے اسے جسمانی اور ذہنی فعالیت حاصل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں بدترین غذا میں تیسرے نمبر پر ہے۔خاص طور پر ہماری بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہیں جس کو دور کیا جارہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ فوڈ فورٹیفیکیشن کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے پنجاب حکومت ویٹ فلورز کمیشن میں چھوٹی چکیوں کو شامل کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں فورڈ فورٹیفیکیشن کا پروگرام چلایا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد چکی کے آٹے کے ثمرات سے فائدہ اٹھاسکیں۔

حکومت پنجاب صوبہ پنجاب بلکہ پورے ملک سے غذائیت کی کمی کو دور کرنے کے لئے نیشنل فورٹیفیکیشن کے ساتھ کھڑی ہے اور اس سیمینار میں پیش کی جانے والی فزیبلیٹی سٹڈی کی سفارشات پر عملدرآمد کرنے کی خواہاں ہے۔پاکستان میں آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ آسٹریلین حکومت پاکستان میں غذائی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مالیاتی سپورٹ کرتی رہے گی۔

کیونکہ پاکستان کی آدھی آبادی اچھی غذا کی کمی کا شکارہے۔جس میں زیادہ تر کا تعلق خواتین وبچوں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ چکی کے آٹے کو فروغ دینے سے سو فیصد صحت مند پاکستان کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔قبل ازیں نیشنل کوآرڈی نیٹر برائے فورٹیفکیشن ڈاکٹر خواجہ مسعود نے گندم کے آٹے کی فورٹیفکیشن فزیبلٹی سٹڈی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں