ماضی کی حکومت نے ہر وہ کام کیا جس سے آنے والی حکومت کو مشکل ہو ، مہنگائی ہو رہی ہے مگر اسے کم کریں گے‘راجہ بشارت

نواز شریف ،شہباز شریف کے کیسز کا تعلق نیب سے ہے حکومت سے نہیں ، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کا ووٹ بینک متاثر نہیں ہوا ضمنی انتخابات میں حکومت مکمل طورپر غیر جانبدار رہی جو ایک اچھی ابتداء ہے ، آج بجٹ اجلاس میں پانچ آرڈیننس بھی پیش کرینگے ‘ وزیر قانون

پیر 15 اکتوبر 2018 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے ہر وہ کام کیا جس سے آنے والی حکومت کو مشکل ہو ، اتفاق کرتے ہیں کہ مہنگائی ہو رہی ہے مگر اسے کم کریں گے ،ضمنی انتخابات میں حکومت مکمل طورپر غیر جانبدار رہی اور تاریخ میں پہلی بار حکومت ضمنی الیکشن پر اثر انداز نہیں ہوئی اس کے باوجود ہمارا ووٹ بینک متاثر نہیں ہوا،سوروزہ پلان میں نیا بلدیاتی نظام بھی لائیں گے جس میں اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے ،آج ہم پنجاب کا پہلا بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں،اجلاس کے دوراان ایوان میں پانچ آرڈیننس بھی پیش کرینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت نے اجلاس بلایا ہو تو اپوزیشن ریکوزیشن نہیں کر سکتی،ووٹ کو عزت دو کو نعرہ لگانے والوں کو سیڑھیوں پر احتجاج زیب نہیں دیتا ۔ ووٹ کو عزت دینے کی بات کرنے والوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ پہلے ایوان کو عزت دیں،جمہوریت میں بھی احتجاج ہوتا ہے لیکن اپنی صحیح روایات کو آگے لے کر چلنا چاہیے ، جمہوری تقاضوں کا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے پورا کرنا چاہیے ۔

انہوں نے بتایا کہ آج ( منگل ) کو پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس ہو گا جس میں اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر اجلاس چلانے کے لئے بات ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں حکومت غیر جانبدار رہی اور ملکی سیاست میں یہ نیا موڑ تھا،ہمیشہ تاثر دیا جاتا ہے کہ ضمنی انتخاب حکومت کا ہوتا ہے لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے خود کو اس سے دور رکھا، یہ ایک اچھی ابتداء ہے اور اپوزیشن کو بھی اس کا خیال رکھتے ہوئے جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہیے۔

میں آج یہ کہہ سکتا ہوں کہ حکومت پر کسی نے انگلی نہیں اٹھائی کہ دھاندلی ہوئی ہے ہم نے ایک نئی روائت قائم کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن پر کام کررہے ہیں ،تعلیم صحت اور دیگر تمام شعبوں پر کام کررہے ہیں۔اپنے سو روزہ پلان میں نیا بلدیاتی نظام بھی لا رہے ہیں جس کا مقصد اقتدار گراس روٹ لیول تک پہنچانا ہے ، بلدیاتی اداروں کو مکمل تباہ کردیا گیا تھا ان کے فنڈز کو روک لئے گئے تھے ،2002ء سے 2008ء تک جتنے فنڈز بلدیاتی اداروں کو دیئے گئے اس کا چوتاتھائی بھی پچھلے تین سالوں میں نہیں دیا گیا۔

ہم ایسا نظام لائیں گے جس میں اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ تجربے سے سیکھتی ہیں ،گزشتہ دس سال سے بعض بیماریاں ہماری سوسائٹی میں شامل ہوگئی ہیں ہم نے پنجاب میں کام کرنا شروع کیا ہے پولیس کی کارکردگی دیکھ رہے ہیں،پولیس ریفارمز بھی لانے کی کوشش کررہے ہیں ،لا ء اینڈ آرڈر میں واضح تبدیلی دکھے گی ۔

راجہ بشارت نے کہا کہ صوبے میں جرائم کی تعداد بے تحاشا ہوچکی ہے ان کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں احتجاج ہوتے رہے ہیں اگر اسمبلی ممبران صرف احتجاج کریں تو ٹھیک ہے لیکن ورکرز کے آنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر قانون نے کہا کہ پنجاب میں آئی جی کے عہدے پر کافی سال سے گریڈ 22کا افسر تعینات نہیں ہوا اس لئے نیا آئی جی تعینات کیا گیا ہے ہماری کوشش یہی ہے کہ عوامی مفاد کو ساتھ لیکر چلا جائے ۔

صحافی کے سوال کے جواب میں راجہ بشارت نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے کیسز کا تعلق نیب سے ہے حکومت سے نہیں ہے، مجھے پتہ ہے کہ مہنگائی ہورہی ہے ۔سابقہ حکومت نے وہ تمام کام کئے جس سے آنے والی حکومت کے لئے مسائل پیدا ہوں،ادارے مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں مگر ہم ان کو مضبوط کریں گے ، پنجاب میں بھی مصالحت سسٹم لے کر آنے کی کوشش کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں