انتخابی نتائج حکمران جماعت پی ٹی آئی اور حکومت کے لیے بڑا دھچکا ہیں ‘لیاقت بلوچ

مہنگائی ، بجلی ، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور ظالمانہ ٹیکسوں کا نظام لوگوں کے اندر غصہ پیدا کررہاہے

پیر 15 اکتوبر 2018 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور مرکزی سیاسی کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ انتخابی نتائج حکمران جماعت پی ٹی آئی اور حکومت کے لیے بڑا دھچکا ہیں ،عمران خان کی خالی کردہ نشستیں بھی حکمران جماعت ہار گئی ہے ، انتخابی نتائج سے یہ عیاں ہواہے کہ جولائی 2018 ء کے انتخابات دھاندلی زدہ تھے ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے ملک بھر کے ضمنی انتخابات پر گفتگو اور منصورہ میں جاری پانچ روزہ مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہاکہ ضمنی انتخابات میں بھی حکومت مخالف امیدواروں کے لیے انتخابی فیلڈ غیر ہموار تھا ،اس کے باوجود نشستیں حکومتی جماعت کے ہاتھوں سے نکل گئیں ۔ انہوں نے کہاکہ سرکار کو خبر دار ہو جانا چاہیے کہ مہنگائی ، بے روزگاری ، وزراء کی آگ اگلتی باتیں اور داخلہ و خارجہ محاذ پر حکومتی بے تدبیریاں عوامی غصہ میں اضافہ کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

مدینہ کی ریاست کی بات کرنا آسان مگر اس پر عمل کرنا آسان نہیں ۔ جب تک ملک میں سودی معیشت ہے ،معاشی خوشحالی نہیں آسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی ، بجلی ، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور ظالمانہ ٹیکسوں کا نظام لوگوں کے اندر غصہ پیدا کررہاہے ۔ حکومت نے خود اپنے لیے مشکلات پیدا کی ہیں ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے فیصل ٹائون میں معززین کے اعزاز میں عامر نثار خان کی جانب سے دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پہلے سو دنوں سے ظاہر ہورہاہے کہ عمران خان نے پوری مہم میں جو دعوے ، اعلانات اور معاشی انقلاب کی باتیں کیں ، وہ سیاسی ہی تھیں اس کے مطابق ان کی کوئی تیاری نہیں ۔

دس ارب درخت لگانا ، پچاس لاکھ مکانات ، ایک کروڑ نوکریاں ، یورپ سے زیادہ صاف ستھرا پاکستان بنانے کے خوشنما اعلانات، اقتصادی بدحالی اور آئی ایم ایف کی جکڑ بندی میں آسان کام نہیں ،فی الحال عوام کے لیے مہنگائی وبال جان بن گئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں