عالمی ادارہ صحت کا محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب میں فضائی آلودگی کے انسانی صحت پر مضر اثرات کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

منگل 16 اکتوبر 2018 23:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) عالمی ادارہ صحت کا محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب میں فضائی آلودگی کے انسانی صحت پر مضر اثرات کے موضوع پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی ورکشاپ میں دوسرے اضلاع سے محکمہ ماحولیات کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ عالمی ادارے کی طرف سے سموگ کے ممکنہ خطرے کے باعث فضائی آلودگی کی بہتر مانیٹرنگ کے لیے تربیت کا اہتمام کیا گیا۔

فضائی آلودگی پوری دنیا کیلئے ایک مسئلہ بن چکا ہے اس سلسلے میں پنجاب محکمہ ماحولیات کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات نہایت موثر ثابت ہوئے ہیں۔ تربیت میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماحولیات سیدہ مالائکہ، ڈائریکٹر نصرت ناز، ڈائریکٹر محمد طاہر، تمام اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ریسرچ آفیسرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت کے نمائندگان نے شرکاء کو عالمی ادارے کے فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر آگاہ کیا۔

اُنہوں نے شرکاء کو پاکستان میں فضائی آلودگی سے ہونے والے اثرات کے شواہد بھی دکھائے اور ان کے انسانی صحت پر مضر اثرات پر بھی آگاہ کیا۔تربیتی پروگرام میں شامل شرکاء کو مختلف آلات کی مدد سے کی جانے والی فضائی آلودگی کی مانیٹرنگ پر بھی بریفنگ دی گئی۔ تربیتی پروگرام کے موقع پر سیکرٹری ماحولیات ظفر نصر اللہ کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی نہ صرف امراض کے پھیلائو کا باعث بنتی ہے بلکہ معیشت کے لیے بھی خطر ناک ہے جس کے تدارک کے لیے محکمہ ماحولیات نے دن رات کی محنت سے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں