تعلیم صحت اور صاف پانی جیسے منصوبے تحریک انصاف کی ترجیح ہے، راجہ راشد حفیظ

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) وزیر خواندگی اور غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے عوامی بہبود کے اصلاحی بجٹ کو پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ اور ساتھی وزراء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم صحت اور صاف پانی جیسے منصوبوں کو اولین اہمیت دینا تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبائی بجٹ کے پیش ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں تعلیم کے شعبے کیلئی373 ارب روپے رکھے گئے ہیں جو کہ گزشتہ بجٹ سے 128 ارب زیادہ ہیں۔

تعلیم کے شعبہ کے لیے اتنے بجٹ کے مختص کرنے کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے عوامی بجٹ میں بچوں کی ابتدائی تعلیم کیلئے 500 ملین کی لاگت سے نیا درجہ شامل کیا گیا ہے جو بچوں کی پرائمری تعلیم میں لگایا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں 90 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں جو ایسے ہی انقلابی بجٹ سے سکولوں میں داخل کیے جا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خود نمائی کی بجائے عوام دوست منصوبوں کو بنیاد بنانے سے غربت اور جہالت کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ راجہ راشد حفیظ کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں کے معیشت پر منفی اثرات ختم کرنے میں وقت لگے گا لیکن وزیراعلیٰ کی قیادت میں وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہر کوشش کی جائے گی کہ تبدیلی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں