انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس کی زیرِ صدار ت ایس پی ریلویز کانفرنس کا انعقاد

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:03

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان کی زیرِ صدار ت سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور میں ایس پی ریلویز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور میں ہونے والے اجلاس میںڈی آئی جی آپریشنز شارق جمال خان ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز جوا د احمدڈوگر، ڈی آئی جی سکیورٹی اختر عباس اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ ریلوے پولیس کی تمام ڈویژنوں کے ایس پیز نے شرکت کی ۔

ریلوے پولیس کے ایس پیز نے آئی جی ریلوے پولیس کو اپنی اپنی ڈویژن کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ریلوے پولیس نے کہا کہ ریلوے مسافروںکی جان و مال اور ریلوے تنصیبات کو تحفظ فراہم کرنا ریلوے پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم ریلوے مسافروں کو تحفظ کے ساتھ ساتھ سروس فراہم کرنا ریلوے پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس مشن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ریلوے پولیس افسران و جوانوں کو خصوصی تربیت یونیفارم مہیا کی جائے ۔

(جاری ہے)

آئی جی ریلوے پولیس نے مزید کہا کہ خواتین مسافروں کی رہنمائی اور حفاظت کے لئے ریلوے اسٹیشنوں اور تھانوں میں خواتین ڈیسک قائم کئے جائیں گے ۔ جہاںخصوصی تربیت یافتہ خواتین افسران ڈیوٹی پر موجود ہوں گی ۔اس کے علاوہ کمیونٹی پولیسنگ کو مزید فروغ دیا جائے گاجس میں کرائم سٹاپر کا منصوبہ بھی شامل ہے اس میں مسافروں کی جان و مال کو ان کی مدد سے ہی محفوظ بنایا جائے گا۔

مزید آئی جی ریلوے پولیس نے وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں خصوصی حصہ لینے کے لئے ایس پیز کو ہدایات دیںکہ ریلوے پولیس کے تھانہ جات ، چوکیات اور پولیس لائنز میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں اور صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔ ڈی آئی جی آپریشنزشارق جمال خان نے آپریشنل معاملات کے سلسلہ میں ایس پیز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹرینوں میںگشت ڈیوٹی پر ملازمان کو مامور کرنے سے پہلے اچھی طرح بریف کیا جائے اور تفتیشی افسران اپنی تفتیش میرٹ اور مقرر کردہ وقت پر مکمل کریں۔

ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز جواد احمد ڈوگر نے ہیڈ کوارٹر کے معاملات یونیفارم ، ملازمان کو ٹی اے کی بروقت ادائیگی اور ویلفیئر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سال تمام ملازمان کو یونیفارم کی ہر آئٹم مہیا کرنا اولین ترجیح ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ سینٹرل پولیس آفس میں Change Management Unit قائم کیا گیا ہے جو کہ پاکستان ریلوے پولیس میں مثبت تبدیلی کی طرف ایک قدم ہے ۔ ڈی آئی جی سکیورٹی نے دفتری امور اور سکیورٹی معاملات کومزید بہتر کرنے کے بارے میں ہدایات دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں