موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی موسمی بیماریوں میں اضافہ ‘عوام انفیکشنز سے بچنے کیلئے تدارکی اقدامات پر عمل کریں،طبی ماہرین

بدھ 17 اکتوبر 2018 14:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) موسم گرما کی رخصتی اور موسم سرما کی آمد کے ۱ٓغاز کے ساتھ ہی ناک ، کان، گلے کے انفیکشن اور دیگر موسمی بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا ہے اور تمام عمر کے افراد کی کثیر تعداد ان امراض میں مبتلا ہو رہی ہے۔ ماہر امراض بچگا ن ڈ ا کٹر اویس اور دیگر طبی ماہرین نے بتا یا کہ خشک موسم اور بے جا آلودگی سمیت ٹھنڈے پانی اور چٹ پٹی چیزوں کے استعمال سے ناک ، کان ، گلے کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوںنے بتا یا کہ ان بیماریوں کا شکار ہونیوالوں میں چھوٹے بچے اور بوڑھے افراد کی تعداد زیادہ ہے لہٰذا والدین کو بچوں کے معاملے میں انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ بچے ، بوڑھے ، جوان مرد و خواتین فوری طور پر ٹھنڈے پانی ، کولڈ ڈرنکس ، کھٹے مشروبات ، چٹ پٹی و تلی ہوئی اشیاء ، غیر معیاری بناسپتی گھی وغیرہ کے استعمال سے گریز کریں اور ایئر کنڈیشن کا استعمال بھی کم کر دیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ گلے کی خرابی ، نزلہ ، زکام ، کھانسی کے ساتھ بخار کی علامات ظاہر ہونے پرگرم پانی کے غرارے کر نا مفید ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر نیم گرم پانی میں تھوڑا سا نمک یا ایک آدھ ڈسپرین کی ٹیبلٹ بھی ڈالی جائے تو اس کے بہتر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر سانس لینے میں تنگی محسوس ہو تو بھاپ لینابھی مفید ہے۔ انہوںنے کہا کہ ناک ، کان ، گلے ، کھانسی ، نزلہ ، زکام ، بخار کی صورت میںفوری طور پر اچھے و مستند معالج سے رابطہ کیا جائے تاکہ مرض کا بر وقت علاج ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں