ینگ نرسز ایسو سی ایشن سروسز ہسپتال لاہور کی از سر نو تشکیل،شمشاد نیازی وائی این اے کی صدر منتخب

بدھ 17 اکتوبر 2018 17:34

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ینگ نرسز ایسو سی ایشن سروسز ہسپتال لاہور کی از سر نو تشکیل کر دی گئی جس میں نرسنگ سٹاف نے اپنے شعبے کی متحرک شخصیت شمشاد نیازی کو وائی این اے کی صدر منتخب کر لیا جبکہ آسٹر تسنیم سینئر نائب صدر ،لبنیٰ یاسمین نائب صدر ، فہمیدہ ایچ حیدر جنر ل سیکرٹری ، شہناز عزیز جوائنٹ سیکرٹری ، فوزیہ تصور، پروین اختر انفارمیشن سیکرٹری اور مبشرہ بٹ کو فنانس سیکرٹری کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور عاصمہ ناز کو آرڈینیٹر سیکرٹری ،رقیہ بانو اوربشرہ بی بی لیگل ایڈوائزرہونگی جبکہ ایگزیکٹو باڈی کے ممبران میں فوزیہ یاسمین ،صبا ء اسلم،صائمہ خادم ،فرزانہ شاہین ، زونیرہ حنیف اور سدرہ محمود شامل ہیں ،دریں اثناء ریاض احمد میل نرس ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو آگاہ رکھیں گے،اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نرسز کا کہنا تھا کہ انہوں نے اصول پسند ،ذاتی مفاد کی بجائے ساتھیوں کی مشترکہ فلاح و بہبود اور میرٹ کی پالیسی کو یقینی بنانے کیلئے شمشاد نیازی کو صدر بنانے کا انتخاب کیا ہے اور امید ہے کہ وہ ٹھوس اور جامع انقلابی اقدامات بروئے کار لانے کے علاوہ ہم سب کی بہتری کیلئے کام کریں گی ،ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی نو منتخب صدر شمشاد نیازی نے تمام نرس ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن پر جس اعتماد اور ذمہ داری کا اظہار کیا گیا ہے وہ اپنی تمام ٹیم کے ساتھ بھرپور کوششیں کریں گی اور ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے سینئر کے احترام اور جونیئر ز کی رہنمائی کرنے کے علاوہ مریضوں اور اُن کے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی کو شعار بنایا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ24گھنٹے مختلف امراض میں مبتلا افراد کے زخموں پر مرحم رکھنے اور اُن کی جلد صحت یابی پر مامور نرسوں کے دیگر فرائض انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جنہیں پورا کرنے کیلئے کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا ،شمشاد نیازی نے مزید کہا کہ نرسوں کو ہاسٹل میں صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے ،ڈیوٹی اوقات پر سکیورٹی اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانے کی فراہمی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا جبکہ حکومتی پالیسی اور سروسز ہسپتال کی نیک نامی میں مزید اضافے کیلئے نرسیں دکھی انسانیت کی نگہداشت کیلئے اپنے پیشہ وارانہ فرائض محنت ،لگن اور خوش اسلوبی سے ادا کرنے کی پابند ہوں گی ، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایسوسی ایشن میں شامل تمام نرسیں بھی اپنی اپنی ڈیوٹیاں باقاعدگی سے ادا کریں گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں