بجلی کی فی یونٹ قیمت میں تقریباً چارروپے اضافہ مہنگائی کا عوام پر ڈرون حملہ ہوگا ‘لیاقت بلوچ

حکمران ہوش کے ناخن لیں اور بجلی مہنگی کرنے کی بجائے بجلی چوروں اور نادہندگان کی گرفت اور لائن لاسز میں کمی کے اقدامات کرے

بدھ 17 اکتوبر 2018 19:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت کابجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ ایک ہفتے کے لیے موخر کرنے کا اقدام ناقابل فہم اور عوام کو مسلسل ذہنی کوفت میں مبتلا رکھنے کے مترادف ہے، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں تقریباً چارروپے اضافہ مہنگائی کا عوام پر ڈرون حملہ ہوگا ، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور بجلی مہنگی کرنے کی بجائے بجلی چوروں اور نادہندگان کی گرفت اور لائن لاسز میں کمی کے اقدامات کرے ۔

منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اس وقت عملاً تمام سیکٹرز میں ترقی کا عمل رک چکاہے حکومت کے غلط فیصلوں سے صنعتکار، تاجر ، سرمایہ دار ، مزدور ، کسان ، تنخواہ دار طبقہ نالاں نظر آرہاہے۔

(جاری ہے)

اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ سے غریب آدمی زندہ در گور ہوگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ لوٹی ہوئی قومی دولت کو واپس لانے کے لیے حکومت اگر نیک نیتی سے اقدام کرے تو پاکستان کے معاشی مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے چنگل سے اس وقت آزادی نصیب ہوگی جب بے لاگ احتساب ہو ، بیرون ملک بنکوں میں پڑی لوٹی ہوئی قومی دولت قومی خزانے میں واپس آئے ، اب موجودہ حکمرانوں کا امتحان ہے کہ وہ اس حوالے سے کیا اقدامات کرتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں