لیسکو کے زیرانتظام تمام سرکلز میں سالانہ مینٹیننس پروگرام جاری

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:09

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے زیرانتظام آٹھوں سرکلز میں بجلی کے ترسیلی نظام کی حفاظت کیلئے سالانہ ترقیاتی اور مرمتی کاموں کا سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری ہے، چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایت پر تما م سرکلز میں یکم اکتوبر سے سالانہ مینٹیننس پروگرام کا آغاز کیا گیا جس دوران کھمبوں اور لائینوں کے قریب لگے ہوئے د رختوں کی شاخوں کی کٹائی سمیت سسٹم کی صفائی اور مرمت کے کام سرانجام دیئے جارہے ہیں، ترجمان لیسکو کے مطابق لاہور سمیت قصور، ننکانہ، شیخوپورہ اور اوکاڑہ سرکلز کے مختلف گرڈذ کے 225فیڈروں پرمینٹیننس کا کام کیا گیا ، لیسکو سینٹرل اور ایسٹرن سرکلز کی سب ڈویثرن مصطفی ٹاون، سید پور، اچھرہ، رائل پارک، مصطفی آباد، دلی گیٹ، ڈیوس روڈ، تاج باغ، گوالمنڈی، مدینہ کالونی اور شالامار سمیت ساوتھ سرکل، نادرن سرکل،قصور، ننکانہ، شیخوپورہ اور اوکاڑہ سرکلز کی کل 125سب ڈویثرنز پر شعبہ آپریشن کی ٹیموں کی جانب سے مرمتی کام سرانجام دیئے جارہے ہیں، ترجمان لیسکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر مختلف سرکلز کی سب ڈویثرنز کا اچانک دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ ذاتی طور پر سالانہ ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کررہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ آنے والے سموگ سیزن اور دھند کے دوران بھی بجلی کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ نہ پیش آئے، چیف ایگزیکٹو نے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے متنبہ کیا کہ مینٹیننس پروگرام کو صحیح انداز میں سرانجام دیا جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی لاپرواہی یا کوتاہی یا محض رجسٹروں پر اندراج نہ کیا جائے بلکہ حقیقی طور پر کام کیا ہوا نظر آنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں